ملک بھر میں”لیلتہ القدر “ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی گئی، لوگ رات بھر مساجد میں عبادت میں مصروف رہے ، استغفار، نوافل سمیت خصوصی عبادات اور اجتماعی توبہ

بدھ 15 جولائی 2015 08:48

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 جولائی۔2015ء ) ملک بھر میں”لیلتہ القدر “ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی گئی، اس موقع پر لوگ رات بھر مساجد میں اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مصروف رہے اور استغفار کرتے رہے ، اس موقع پر علمائے کرام نے ملکی سلامتی و استحکام اور خوشحالی کی دعائیں کیں ، اس موقع پر رقت آمیزمناظر بھی دیکھے گئے ۔ ملک بھر میں”لیلتہ القدر “ مذہبی عقیدت واحترام سے منائی گئی، اس موقع پر لوگ رات بھر مساجد میں اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مصروف رہے اور استغفار کرتے رہے۔

مساجد میں نمازیوں کی تعداد عام دنوں کی نسبت زیادہ رہی ، لوگ رات بھر مساجد میں اللہ تعالیٰ کی عبادت میں مصروف رہے ، نوافل سمیت خصوصی عبادات کرتے رہے اور مساجد میں اجتماعی توبہ کی۔

(جاری ہے)

قرآن پاک کی تلاوت میں مشغول رہے، رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی، ملکی سلامتی، خصوصا کراچی میں قیام امن کیلئے دعائیں مانگتے رہے ، اس موقع پر بعض مقامات پر رقت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے لوگ رو رو کر اپنے رب کو مناتے رہے۔

رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کو گناہوں سے توبہ کرنے کی رات کہا جاتا ہے۔ جس میں اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ صدق دل سے کی جانے والی توبہ قبول کی جاتی ہے۔اس موقع پر شہر شہر قریہ قریہ مساجد میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا اور مساجد میں محافل شبینہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جن میں لاکھوں فرزندان اسلام شریک ہوئے۔اسلام آباد میں ستائیس ویں شب پر عبادات کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔

دیگر مساجد کی طرح فیصل مسجد کو بھی روشنیوں میں نہلایا گیا۔مقدس رات میں عبادت کیلئے شہر اقتدار میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ پشاور کے علاقے صدر میں واقع سنہری مسجد کو بھی نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا۔مسجد کی سجاوٹ ایسی تھی کہ بہت سے لوگوں نے اسے اپنے موبائل کمیروں میں محفوظ کرلیا۔کراچی کی مساجد میں بھی محافل شبینہ کا اہتمام کیا گیا۔

۔ شہر کی دیگر مساجد کی طرح میمن مسجد کو بھی انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا۔ شہر قائد میں امن کے لئے بھی مساجد میں خصوصی دعائیں کی گئیں۔لاہور،فیصل آباد، ملتان اور کوئٹہ میں بھی مساجد میں ستائیسویں شب کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے اور محافل شبینہ کا اہتمام کیا گیا۔اس سلسلے میں مرکزی تقریب رات اڑھائی بجے بادشاہی مسجد میں ہوئی جبکہ اسلا م آباد کی فیصل مسجد میں بھی محفل شبینہ کا خصوصی انعقاد کیاگیا جو آئندہ دور وز تک جاری رہے گا ۔

ایوان صدر میں بھی یوم دعا منایا گیا اس موقع پر صدر ممنون حسین نے ملکی سلامتی ،ا ستحکام کیلئے دعا کرائی،اس موقع پر صدر مملکت اورحاضرین نے اللہ تعالیٰ کے حضور استحکام پاکستان، دہشتگردی کے خاتمے اور اقتصادی بحالی سمیت پاکستان، عالم اسلام اور دنیا بھر کی امن و سلامتی کے لیے خشوع و خضوع سے دعائیں کیں۔ محفل میں رقت طاری ہوگئی اور رقت آمیز مناظر دیکھے گئے ۔ صدر مملکت اور حاضرین اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے ۔