وزارت داخلہ کا الطاف حسین کے بیانات پر برطانوی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ، وزارت خارجہ حکام اور قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد خط کا متن تیار ، وزیر داخلہ کی حتمی منظوری کے بعد ارسال کیا جائے گا

بدھ 15 جولائی 2015 08:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 جولائی۔2015ء)وفاقی وزارت داخلہ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بیانات کے معاملے پر برطانوی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے حکام اور قانونی ماہرین سے مشاورت کرکے خط کا متن تیار کرلیا ہے وزیر داخلہ کی حتمی منظوری کے بعد ارسال کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت کو لکھے جانے والے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ الطاف حسین برطانوی شہری ہیں اور ملکی سلامتی کے اداروں سے متعلق گھٹیا زبان برداشت نہیں ہے ان کے بیانات قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف ہیں کسی کو بھی پاکستانی ادروں کے خلاف زہر اگلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

الطاف حسین کے بیانات ہنگامہ‘ نفرت ابھارنے کا باعث ہیں ۔ ان کی تقریر کے خلاف پاکستان میں درجنوں مقدمات درج ہیں ‘ الطاف حسین کی براہ راست تقریر پر پابندی لگائی جائے۔ برطانیہ اپنی سرزمین نفرت انگیز بیانات سے روکے برطانوی حکومت کو لکھے جانے والے خط کا بنیادی متن تیار کرلیا گیا ہے حتمی منطوری وزیر داخلہ چوہدری نثار دیں گے ۔ حتمی منظوری کے بعد خط ارسال کیا جائے گا۔