پروفیشنل ماڈل ہوں کسی سیا سی شخصیت سے کوئی تعلق نہیں، ایان علی، سیاسی شخصیت سے تعلق جوڑ کر میری کردار کشی کی جا رہی ہے ،کوئی کتاب نہیں لکھ رہی ،میڈیا سے گفتگو ، ایان علی کا کتاب لکھنے سے انکارمحض سیکورٹی مسائل سے بچنے کے لیے ہے،قریبی ذرائع

منگل 14 جولائی 2015 08:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14 جولائی۔2015ء )کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار ماڈل ایان علی نے ایک بار پھر کسی شخصیت سے تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 100 فیصد پروفیشنل ماڈل ہوں کسی شخصیت سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔کوئی کتاب نہیں لکھ رہی ہوں جبکہ خبر رساں ادارے کوایان علی کے والد کے قریبی ذرائع نے بتایاہے کہ ایان علی کا کتاب لکھنے سے انکارمحض سیکورٹی مسائل سے بچنے کے لیے ہے ،ایان علی کے والدکسی اچھے پبلشرکی تلاش میں ہیں جیسے ہی کسی سے کوئی معاہدہ ہواایان علی کی کتاب چھاپنے کے حقوق دیے جائیں گے ،ایان علی کے زیادہ تر معاملات اب بھی ان کے والد کے زیر کنٹرول ہیں،مسائل سے بچنے کے لیے ایان علی پہلے ہی اپنے والد سے اعلان لاتعلقی کرچکی ہیں اوردومرتبہ ان سے جیل میں ملاقات سے بھی انکار کرچکی ہیں عدالت کی ہدایت کے باوجود بھی ایان علی نے اپنے والد سے ملنے سے معذرت کرلی تھی ۔

(جاری ہے)

پیرکوراولپنڈی کی کسٹم عدالت میں پیشی کے موقع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے ایان علی کا کہنا تھا کہ جیل میں کوئی کتاب نہیں لکھ رہی اس حوالے سے تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 100 فیصد پروفیشنل ماڈل ہوں کسی شخصیت سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے، سیاسی شخصیت سے تعلق جوڑ کر میری کردار کشی کی جا رہی ہے۔ایان علی کا کہنا تھا کہ جیل میں قیدیوں کو افطاری کروانے کی اجازت مانگی تھی جو نہیں دی گئی۔ کرنسی اسمگلنگ کیس کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب میں ایان علی کا کہنا تھا کہ ابھی چونکہ کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اس لئے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کروں گی کیونکہ اس سے کیس خراب ہوتا ہے، ضمانت پر رہائی کے بعد کیس پر کھل کر بات کروں گی۔

متعلقہ عنوان :