چوہدری نثار نے خواجہ آصف کے بیان پر تو کچھ نہیں کیا ، مجھے جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر تنگ کیا جارہا ہے ، مجھے بندوق اور گرفتاریوں سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ، ایم کیو ایم کے خلاف 1992ء والا آپریشن کیا جارہا ہے ، متحدہ کے کارکنوں کو کس قانون کے تحت گرفتار کیا جارہا ہے،متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کا چوہدری نثار کے بیان پر رد عمل کا اظہار

منگل 14 جولائی 2015 08:47

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14 جولائی۔2015ء ) متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے کہا کہ چوہدری نثار نے خواجہ آصف کے بیان پر تو کچھ نہیں کیا ، مجھے جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر تنگ کیا جارہا ہے ، مجھے بندوق اور گرفتاریوں سے خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ، ایم کیو ایم کے خلاف 1992ء والا آپریشن کیا جارہا ہے ، متحدہ کے کارکنوں کو کس قانون کے تحت گرفتار کیا جارہا ہے ۔

پیر کی رات چوہدری نثار علی خان کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ خواجہ آصف نے کہا تھا کہ دو فوجی افسران کے کہنے پر دھرنے دیئے جارہے ہیں مگر چوہدری نثار علی خان نے اس بیان پر کوئی رد عمل نہیں دیا اور نہ ہی خواجہ آصف کے خلاف کوئی اقدامات کیے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر جھوٹے الزامات لگا کر ہرساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور میرے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرکے مجھے پریشان کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے بندوق یا گرفتاریوں سے نہیں ڈرایا جاسکتا ۔ میرے کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے اور انہیں بغیر جرم کے گرفتار کرکے غائب کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے ۔ الطاف حسین نے کہا کہ ہمارے خلاف 1992 والا آپریشن کیا جارہا ہے جو ناقابل قبول ہے ۔