جیکب آباد میں الطاف حسین کیخلاف غداری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ،4مختلف تھانوں میں مقدمے کے اندراج کی درخواستیں

منگل 14 جولائی 2015 08:44

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14 جولائی۔2015ء) جیکب آباد میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف غداری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج،4مختلف تھانوں پر بھی مقدمے کے لیے درخواست جمع۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ائیر پورٹ تھانہ پر تحریک اہل سنت کے مرکزی رہنما عبدالخالق قادری کی مدعیت پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف غداری ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ،ائیر پورٹ تھانہ پر الطاف حسین کے خلاف کیس نمبر 41-2015 اور دفعہ U/S153Aکے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ، جبکہ جیکب آباد کے سٹی تھانہ پر سنی تحریک کے سید اعجاز شاہ، صدر تھانہ پر شہری خادم حسین سیانچ، دوداپور تھانہ پر محمد مٹھل ایری اور سول لائن تھانہ پر ظفر مغل کی جانب سے ایم کیو ایم قائد کے خلاف مقدمے درج کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرادی گئی ہیں جبکہ پولیس نے ابھی مقدمہ درج نہیں کیا ہے ، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر تحریک اہل سنت کے مرکزی رہنما عبدالخالق قادری نے کہا کہ الطاف حسین بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک ہیں اور ملک دشمن کاروائیوں میں ملوث ہیں ، انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پاک فوج اور ملک کے دفاعی اداروں کے خلاف انتشار پھیلا رہے ہیں اس لیے ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرایا ہے اب حکومت کا کام ہے کہ وہ الطاف حسین کی گرفتاری کو یقینی بنائیں ، انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی گرفتاری کے لیے انٹر پول کے ساتھ رابطے کئے جائیں اور برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ الطاف حسین کو پاکستان کے حوالے کرے تاکہ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جاسکے ۔