پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات میں کشیدگی کم ‘ ماہی گیروں کو پندرہ روز میں رہا ئی پر اتفاق ہوا ہے،سرتاج عزیز، ممبئی حملہ کیس سے متعلق دونوں ممالک کے وکیل جلد ملاقات کریں گے،مشیر خارجہ کا سرکاری ٹی وی کو انٹرویو

اتوار 12 جولائی 2015 09:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 جولائی۔2015ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاک بھارت وزرائے اعظم ملاقات میں کشیدگی کم کرنے ‘ ماہی گیروں کو پندرہ روز میں رہا کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ ممبئی حملہ کیس سے متعلق دونوں ممالک کے وکیل جلد ملاقات کریں گے۔ بھارتی وزیراعظم نے سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی ہے۔ سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دس جولائی کا دن پاکستان کی سفارتی تاریخ میں اہمیت اختیار کر گیا ہے شنگھائی تعاون تنظیم کا مستقل رکن بننا بڑی کامیابی ہے۔

پاکستان کو دس سال بعد رکنیت ملی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تیرہ ماہ بعد بات چیت کا عمل شروع ہوا۔ بھارتی وزیراعظم نے ملاقات میں کہا کہ جب مقبوضہ کشمیر میں پاکستان کا پرچم لہرایا جاتاہے تو ہمیں مسئلہ بنتا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے وزراء کی ملاقات میں کشیدگی کم کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے ملاقات میں واضح کیا ہے کہ تصفیہ طلب مسائل حل کئے بغیر تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے سربراہان نے ملاقات میں زائرین کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ ماہی گیروں کی رہائی کے حوالے سے میکنزم تشکیل دیا جاچکا ہے پندرہ دن میں ماہی گیر رہا کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں بھارت کی اجارہ داری کو کبھی قبول نہیں کرے گا۔ برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں اپنے اصولی موقف سے نہیں ہٹیں گے۔

متعلقہ عنوان :