کراچی کو اسمارٹ سٹی بنانے،جدید سولر اسٹریٹ لائٹس، سی سی ٹی وی کیمرے اور مفت وائی فائی کی سہولیات کی فراہمی کیلئے دبئی، امریکہ اور چائنا کی تین سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ ایم او یو پر دستخط

اتوار 12 جولائی 2015 09:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 جولائی۔2015ء) کراچی کو اسمارٹ سٹی بنانے اور یہاں پر جدید سولر اسٹریٹ لائٹس، سی سی ٹی وی کیمرے اور ساتھ ہی مفت وائی فائی کی سہولیات کی فراہمی کے لئے دبئی میں وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن اور دبئی، امریکہ اور چائنا کی تین سرمایہ کار کمپنیوں کے درمیان ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ اس معاہدے کے مطابق رواں سال دسمبر میں اس منصوبے کا فیز 1مکمل کیا جائے گا اور کراچی میں دو تلوار کلفٹن سے شارع فیصل تک جدید سولر اسٹریٹ لائٹس بمعہ سی سی ٹی وی کیمرہ اور فری وائی فائی کی تنصیب کے کام کا آغاز کردیا جائے گا۔

اس منصوبے کے پہلے مرحلے پر 20ملین امریکن ڈالر جبکہ مکمل لاگت 200ملین امریکی ڈالر کی لاگت آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کو اسمارٹ سٹی بنانے کے عزم کو عملی جامہ پہنانے کی غرض سے دبئی میں موجود وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے چائنا، امریکہ اور دبئی کی تین مختلف سرمایہ کار کمپنیوں سے معاہدوں کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہفتہ کو دبئی کی مقامی ہوٹل میں ان سرمایہ کار کمپنیوں اور سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے ایم او یو پر دستخط کئے۔

اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں یہ تینوں سرمایہ کار کمپنیاں کراچی کو اسمارٹ سٹی بنانے کی غرض سے کلفٹن میں دو تلوار سے شارع فیصل تک سولر اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے کام کا آغاز رواں سال دسمبر سے شروع کردیں گی اور ان سولر اسٹریٹ لائٹس کے ساتھ ساتھ ان میں سی سی ٹی وی کیمرہ بھی نصب ہوں گے اور یہ تمام کیمرہ دن اور رات میں ریکارڈنگ کرنے کی مکمل صلاحیت سے ہمکنار ہوں گے جبکہ اس میں فری وائی فائی ڈیوائس بھی منسلک ہوگی، جس سے اس کی رینج میں موجود ہر عام آدمی مفت میں انٹرنیٹ کی سہولت استعمال کرسکے گا۔

اس منصوبے کے پہلے مرحلے پر 20ملین امریکن ڈالر جبکہ مکمل لاگت 200ملین امریکی ڈالر کی لاگت آئے گی۔ دبئی کی مقامی ہوٹل میں اس سلسلے میں معاہدے پر دبئی کے شیخ احمد المخطوم، چائنا (حوائی )کے جوشو ابودا اور امریکہ کی اسمارٹ ٹیکنالوجی کی معروف سرمایہ کار کمپنی کے رک ڈیوڈنے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے دستخط کئے۔

بعد ازاں شرجیل انعام میمن نے دبئی میں موجود پاکستانی کمیونیٹی اور میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا وژن ہے کہ عوام کو سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کئے جانے والے معاہدے کے بعد کراچی میں موجود تمام اسٹریٹ لائٹوں کو سولر انرجی پر تبدیل کردیا جائے گا، جس سے توانائی کے بحران سے بھی نبردآزما ہونے کے ساتھ ساتھ سولر انرجی کے ذریعے ہم کراچی شہر کو روشن شہر بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ معاہدے کے تحت تمام اسٹریٹ لائٹس کے ساتھ ایک نائٹ وژن سی سی کیمرہ اور فری وائی فائی ڈیوائس بھی تنصیب کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے سندھ حکومت پہلے ہی سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور ان اقدامات کے باعث کراچی میں بڑے پیمانے پر ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم کا خاتمہ ہوا ہے اور اس میں ہماری پولیس، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں اور ان کے اہلکاروں کا کردار قابل ستائش ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسٹریٹ لائٹس سے منسلک سی سی ٹی وی کیمرے کے باعث سڑکوں اور گلی کوچوں کی مانٹرنگ کا عمل بھی شروع ہوجائے گا اور فری وائی فائی ڈوائس کے باعث اس کو آسانی سے انٹرنیٹ کے ذریعے مانٹرنگ کے سسٹم میں داخل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فری وائی فائی ڈوائس کا فائدہ اس کی رینج میں آنے والوں کو بھی حاصل ہوگا اور وہ مفت انٹر نیٹ کی سروسز حاصل کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :