افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کا میزائل حملہ،پاکستان اور افغانستان کیلئے داعش کا سربراہ حافظ سعید اورکزئی 30 ساتھیوں سمیت ہلاک ،افغان انٹیلی جنس کی تصدیق ،خفیہ ٹھکانہ تباہ،دستاویزات ،جہادی لٹریکچر اور نقشہ جات بھی برآمد ،حافظ سعید پاکستان میں داعش کو منظم کرنے اور دیگر امور کی نگرانی کررہاتھا،تحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر بھی رابطے میں تھے،افغان حکام

اتوار 12 جولائی 2015 09:03

ننگر ہار(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 جولائی۔2015ء)افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں پاکستان اور افغانستان کے داعش کا سربراہ حافظ سعید اورکزئی امریکی ڈرون حملے میں 30 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا ،حملے میں خفیہ ٹھکانہ بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ ہفتہ کے روز افغان انٹیلی جنس ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر امریکی جاسوس طیارے نے افغانستان کے صوبے ننگرہار کے شہر ایچن میں دشوار علاقے میں میزائل داغے جس کے نتیجے پاکستان اور افغانستان کے داعش کا امیر حافظ سعید اورکزئی ہلاک ہوگیا جبکہ اس حملے میں داعش کے مزید30 کارکن بھی مارے گئے ہیں جن میں اہم کمانڈر بھی شامل ہیں،حافظ سعید اورکزئی کی ہلاکت پاکستان اور افغانستان کی ایک بڑی کامیابی ہے،افغان انٹیلی جنس نے حافظ سعید اورکزئی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حافظ سعید اورکزئی کا تعلق پاکستانی علاقے اورکزئی سے ہے اور پاکستا ن کے علاقے اورکزئی میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان کا امیر بھی رہا ہے، پاکستان میں آپریشن ضرب عضب کے بعد حافظ سعید اورکزئی افغانستان فرارہو کر آیا تھا جس کے بعد انہوں نے داعش میں شمولیت کا اعلان کیا تھا،افغان حکام کے مطابق حافظ سعید اورکزئی کو افغانستان میں داعش کا سربراہ مقرر کیا گیا تھاجسے بعد ازاں پاکستان کا امیر بھی بنایا گیا جو پاکستان میں داعش کو منظم اور دیگر امور کی نگرانی کررہا تھا،افغان حکام نے دعوی کیا ہے کہ حافظ سعید اورکزئی نے پاکستان میں خوفناک حملوں کی منصوبہ بندی کررکھی تھی ،حملے کے بعد ملنے والے دستاویزات اور نقشہ جات میں ان منصوبوں کی تصدیق کی گئی ہے،حافظ سعید اورکزئی دہشت گردانہ واقعات کی منصوبہ بندی کا ماہر تھا۔

(جاری ہے)

افغان حکام نے مزید بتایا کہ حافظ سعید اورکزئی سے جہادی لٹریچراور دیگر اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں اور ان سے برآمد ہونے والے موبائل سمز میں پاکستان تحریک طالبان کے اہم کمانڈرز کے نمبرز بھی ملے ہیں جو حافظ سعید اورکزئی کے ساتھ رابطے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ننگر ہارصوبے میں داعش کے خلاف رواں ہفتے تیسری بڑی کارروائی کی گئی ہے جس میں تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان شاہد اللہ شاہد اور افغانستان کے داعش کے نائب سربراہ گل زمان بھی ہلاک ہوگیا تھا۔