پاکستانی ثالثی میں افغان حکومت اورطالبان میں پہلا باضابطہ رابطہ،فریقین کا مذاکرات جاری رکھنے پراتفاق، افغان حکام اورطالبان میں مذاکرات خوش آئند ہیں،وائٹ ہاؤس ،خطے میں امن کیلئے تمام فریقین کومل بیٹھ کرمسائل کاحل نکالناچاہئے ،بیان

بدھ 8 جولائی 2015 09:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن ۔8 جولائی۔2015ء)افغان حکومت اورطالبان نے مذاکرات کاعمل جاری رکھنے پراتفاق کیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب اسلام آبادمیں افغان حکومت اورطالبان کے درمیان مذاکرات کاپہلاضابطہ دور منعقدہوا،افغان کوئٹہ شوریٰ کے رکن حاجی ملاجلیل نے طالبان کی طرف سے مذاکرات میں قیادت کی جوملاعمرکے دورحکومت میں افغان حکومت کے اہم عہدیدارتھے ،جبکہ افغان حکومتی وفد کی نائب وزیرخارجہ حکمت خلیل کرزئی 3رکنی ٹیم کی قیادت کررہے تھے ،اس میں گورنرننگرہارحاجی محمددین بھی شامل ہیں ،علاوہ ازیں مذاکرات میں دوپاکستانی اہلکاروں نے بھی شرکت کی ۔

سرکاری ذرائع کاکہنا ہے کہ وفودکے درمیان باضابطہ مذاکرات خوشگوارماحول میں منعقدہوئے اوراکٹھے افطارڈنربھی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مذاکرات کے مقام کومیڈیاسے خفیہ رکھاگیا،مذاکرات میں پاکستان ثالثی کاکرداراداکررہاہے ۔ذرائع کا کہناہے کہ پہلے باضابطہ مذاکراتی دور میں فریقین اس بات پرمتفق ہوگئے کہ مذاکرات کے عمل کوجاری رکھاجائے گا۔ذرائع نے یہ بھی کہاکہ مذاکرات پرامن اوربامقصدرہے،مذاکرات کایہ عمل اسلام آبادمیں دوسے تین دن تک جاری ر ہنے کا امکان ہے ادھروائٹ ہاوٴس نے افغان حکام اورطالبان کے درمیان مذاکرات کے آغاز کوخوش آئندقراردیاہے ۔

وائٹ ہاوٴس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ افغان حکومت اورطالبان کے درمیان مذاکرات کے اس عمل کواچھی نگاہ سے دیکھتاہے ،خطے میں امن کیلئے تمام فریقین کومل بیٹھ کرمسائل کاحل نکالناچاہئے ،امریکہ امیدرکھتاہے کہ افغان اورطالبان کے مذاکرات کے اس عمل سے خطے مین امن اوراستحکام آ ئے گاامریکہ اس امن عمل کی حمایت کرتاہے پاکستان نے کہا ہے کہ افغان حکام اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل کو سراہتے ہیں ، پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان افغان حکام اور طالبان کیدرمیان مذاکراتی عمل کو خوش آمدید کہتا ہے اور افغانستان میں امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائینگے۔ ترجمان دفتر خارجہ کاکہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے افغانستان میں امن پاکستان کی سلامتی کا ضامن ہے پاکستان افغانستان اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کررہاہے۔

واضح رہے کہ افغانستان اور طالبان کے درمیان پہلے باضابطہ مذاکرات اسلام آباد میں منعقد ہو رہے ہیں ۔دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کی یہ دلی خواہش اور کوشش ہے کہ طالبان اور افغان حکومت کے مابین مذاکرات کامیاب ہوں پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کی کوششیں جاری رکھے گا ۔ برطانوی خبر رساں ادارے مے مطابق پاکستان میں سفارتی اور طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے وفود اسلام آباد میں پہنچ گئے ہیں اور ان کے درمیان مذاکرات بدھ سے شروع ہونے کی توقع ہے۔

تاہم حکومت پاکستان نے باضابطہ طور پر ان مذاکرات کی نہ تصدیق کی ہے اور نہ ہی تردید۔ پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ سے جب ان مذاکرات کے بارے میں تفصیل جاننے کی کوشش کی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بارے میں معلوم کر کے آگاہ کرنے کی کوشش کریں گے۔تاہم افغان طالبان ذرائع نے بتایا کہ ان کی جانب سے حاجی دین محمد، ملا خلیل، فرہاد اللہ اور ملا عباس افغانستان اور قطر سے اسلام آباد آئے ہوئے ہیں۔

ان مذاکرات کو چین کے شہر ارومچی میں گذشتہ دنوں منعقد ہونے والے مذاکرات کا تسلسل یا دوسرا راوٴنڈ قرار دیا جا رہا ہے۔اسلام آباد میں سفارتی حلقوں کا کہنا تھا کہ پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس سال فروری میں کابل کے دورے میں افغان حکام اور طالبان کے درمیان رابطوں کی یقین دہانی کروائی تھی۔ لیکن کافی تاخیر کے بعد چین میں گذشتہ دنوں یہ پہلا رابطہ ہوا تھا۔

یہ مذاکرات ایک ایسے وقت ہو رہے ہیں جب گذشتہ دنوں پاکستان اور افغانستان میں سرحدی کشیدگی اور قندہار میں ایک اہلکار کی حراست کے بعد تلخی میں اضافہ ہوا تھا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفیر طلب کر کے احتجاج کیا تھا۔ادھرافغان صدارتی ترجمان نے کہا ہے کہ افغان امن وفد طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے پاکستان روانہ ہو گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق افغان صدارتی حکام نے اس خبر کی تصدیق کی کہ افغان امن وفد مذاکرات کیلئے پاکستان روانہ ہوچکا ہے افغان وفد کی نمائندگی افغان نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل زئی کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ افغان حکام اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل اسلام آباد میں شروع ہورہا ہے، امکان ہے کہ مذاکراتی عمل دو سے تین ماہ تک جاری رہے گا ۔

متعلقہ عنوان :