لوگ ملک سے بھاگ کر ڈالرز اور پاؤنڈز میں کھیل رہے ہیں، معصوم نوجوانوں کو آزادی کے نام پر لڑوا رہے ہیں،عوام اس عیاش اور ذہنی پستی کا شکار دشمن کو پہچانیں ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ

پیر 6 جولائی 2015 09:36

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جولائی۔2015ء ) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ جو لوگ ملک سے بھاگ کر چلے گئے اور اب ڈالرز اور پاؤنڈز میں کھیل رہے ہیں وہ معصوم نوجوانوں کو آزادی کے نام پر لڑوا رہے ہیں عوام اس عیاش اور ذہنی پستی کا شکار دشمن کو پہچانیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں اسپورٹس فیسٹول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں عوام کا جم غفیر اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ یہاں کے لوگ امن سے کس قدر محبت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہاں سے بھاگ گئے، وہ خود عیاشی کر رہے ہیں اور معصوم نوجوانوں کو آزادی کے نام پر لڑوا رہے ہیں، عوام اس عیاش اور ذہنی پستی کا شکار دشمن کو پہچانیں، دشمن کی ڈگڈگی پر ناچنے والے ہرکار خون کے پیاسے ہیں انہوں نے کہا کہ اللہ کے نام پر بنے ہوئے ملک کو کسی صورت کمزور نہیں ہونے دینگے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرینگے اور ان لوگوں کو مخاطب ہوکر کہتا ہوں کہ معصوم بے گناہ مزدوروں اور مسافروں کا قتل عام نہ کریں ورنہ انکی بھی وہی حالت کرینگے جسے دشمن کی کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ میں ان مٹھی بھر عناصر کو چلینج کرتا ہوں کہ وہ ایک ہفتہ غریب عوام کیساتھ گزاریں تو میں ان کو لیڈر مانتا ہوں دوسرے ملکوں میں عیاشی کرنیوالے لیڈر کسی بھی صورت عوام کو خوشحال دیکھنا نہیں چاہتے انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہے اور وہ قوم کے معمار ہیں بلوچستان کے نوجوان ملک سے اسی طرح محبت کرتے ہیں جس طرح ملک کے دوسرے لوگ اپنے وطن سے محبت کرتے ہیں اور ہماری بیٹیاں بھی ہمارے نوجوانوں کی طرح محب وطن ہیں اور نا ممکن کو ممکن بناتے ہیں مبارک ہو مبارک ہو تاریکی کے دن گزر گئے اور بلوچستان کا مستقبل روشن ہونیوالا ہے عارضی مسائل ضرور ہیں لیکن پاکستانی قوم ہر مشکل وقت کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں پاکستانی عوام زندہ دل ہیں اور ہر آنیوالا وقت ہمارا ہے وہ انہیں چیلنج کرتے ہیں کہ ایک دن عام آدمی کے ساتھ گزار کر دکھائیں ان کا دل کہہ رہا ہے کہ بلوچستان میں احساس محرومی ختم ہوگئی ہے،ہم سب ایک راستے پر محو سفر ہیں، جو امن اور خوشحالی کا راستہ ہے

متعلقہ عنوان :