لوئر دیر:4000 میگاواٹ ٹوپن بجلی گھر کا سنگ بنیاد،4 سال میں منصوبہ مکمل ہوگا،لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے چھوٹے چھوٹے منصوبے لگا رہے ہیں،عمران خان،صوبے میں پولیس کو غیر سیاسی ، ہسپتالوں میں جدیدترین سہولتیں ،میرٹ کو ترجیح ،کرپشن کا خاتمہ، بلدیاتی الیکشن کروا کر تمام اختیارات نچلی سطح تک منتقل ،تعلیمی نظام میں بہتر ی کیلئے بجٹ میں سب سے زیادہ رقم مختص کی ہے،یہ ہے میرا نیا خیبر پختونخوا جو نواز شریف کو نظر نہیں آتا،چیئرمین تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 5 جولائی 2015 09:28

لوئر دئر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جولائی۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو نیا خیبر پختونخوانظر نہیں آتا،ہم نے نئے خیبر پختونخوا کی بنیاد رکھ دی ہے،صوبے کی پولیس کو غیر سیاسی بنا دیا ہے، ہسپتالوں میں جدیدترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں،میرٹ کو ترجیح دی جارہی ہے ،کرپشن کا خاتمہ کیا جا چکا ہے، بلدیاتی الیکشن کروا کر تمام اختیارات نچلی سطح تک منتقل کر دیئے گئے ہیں،تعلیمی نظام میں بہتر ی کیلئے بجٹ میں سب سے زیادہ رقم مختص کی ہے ،یہ ہے ہمارا نیا خیبر پختونخوا اور اسی طرح نیاپاکستان بھی بنائیں گے ،ہفتہ کے روز لوئیر دیر میں ٹوپن بجلی گھر کا افتتاح کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ان کے صوبے میں سب سے بڑے بجلی منصوبے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، اس منصوبے سے لوئر دیر اور ان کے دیگر قریبی شہروں کو صرف4 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی فراہم کی جائے گی ،یہ منصوبہ 4 سال کی مدت میں مکمل کیا جائیگا،انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت لوشیڈنگ کے خاتمے کیلئے چھوٹے چھوٹے منصوبے بنا رہی ہے اورعوام کو سستی بجلی فراہمی کیلئے اقدامات کررہی ہے،عمران خان نے کہا کہ وفاقی حکومت کو خیبر پختونخواہ کا کوئی احساس نہیں ہے اور ساری توجہ پنجاب پر مرکوز کی ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اس وقت سب سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کررہا ہے لیکن اس کے باوجود اس صوبے میں سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ صوبے میں بغیر ڈیم کی 4000 سے زائد میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے،ملک بھر میں40 فیصد بجلی تیل سے بنائی جارہی ہے ،تیل کی قیمتیں بڑھنے سے بجلی کی قیمت بھی بڑھ جاتی ہے اگر شروع سے ہی بجلی پانی سے بنائی جاتی تو آج ملک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوتا،اس وقت خیبر پختونخوا ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کررہا ہے ،عمران خان نے کہا کہ گردشی قرضہ پھر600 ارب روپے تک پہنچ گیا،رینٹل پاور منصوبے سے صرف پیسا کمایا گیا ہے اور عوام کی دولت کو بے دریغ طریقے سے لوٹا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف اپنے خطاب کے دوران کہتے ہیں کہ انہیں نیا خیبر پختونخوا نظر نہیں آرہا ہے ،جب صوبائی حکومت سنبھالی تو صوبے کے حالات انتہائی خراب تھے سب سے پہلے صوبے کی پولیس کو ٹھیک کیا اور غیر سیاسی بنایا ،آج پولیس کا نظام سب سے اچھا ہے اور لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں مدد مل رہی ہے ،پولیس اہلکاروں پر کوئی سیاسی دباؤ نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہسپتالوں کے نظام کو بہتر کیا ہے ،ہسپتالوں میں جدید ترین سہولتیں اور ٹیکنالوجی فراہم کررہے ہیں،غریب عوام کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کررہے ہیں،عوام دیگر شہروں کی بجائے اپنے ہی شہر میں جدید ترین سہولتوں کے ساتھ علاج ومعالج کرا رہے ہیں جوان کا بنیادی ہے، عمران خان نے کہا کہ صوبے میں تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے جنگی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے ،بجٹ میں تعلیم کیلئے سب سے زیادہ رقم مختص کی ہے اور آئینی ترامیم کی جارہی ہیں،انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کا خاتمہ کیا جا چکا ہے اور میرٹ کو ترجیح دی جارہی ہے،میں نے ایسے ہی نئے خیبر پختونخوا کا خواب دیکھا تھا اور ایسے ہی نیا پاکستان بنائیں گے،عمران خان نے کہا کہ پنجا ب اور دیگر صوبوں کے حالات انتہائی خراب ہیں،پولیس کا نظام بری طرح ناکام ہو چکا ہے ،سیاست دان پولیس کو اپنے مفادات کے لئے استعمال کرتے ہیں پنجاب میں گلو بٹوں کا راج ہے،غریب عوام کو براہ راست گولیاں مار کر ان کی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں،سیاست دان ایسے پولیس اہلکاروں کا تحفظ کررہے ہیں،غریب عوام انصاف کے لئے درپدر پھررہے ہیں۔