ہم نے کبھی حکومت کا ساتھ نہیں دیا ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے ، پی پی رہنماء،حکومت صرف دھرنوں سے ڈرتی ہے ،حکومت نے ناانصافی ختم نہ کی تو ہم دھرنے دینے سے بھی گریز نہیں کرینگے ،جمہوریت اور نظام کو بچانے کی ہماری حکمت عملی کا حکومت کو فائدہ ہوا ہے ، پنجاب میں منصوبے تو راتوں رات بن جاتے ہیں لیکن سندھ کے منصوبوں کو کھٹائی میں ڈالا جارہا ہے ، سندھ پورے ملک سے زیادہ بجلی کے بل ادا کررہا ہے ، بجلی بحران کا حل سندھ میں ہے ، صوبہ کے پرائمری اور مڈل سکولوں کو کروڑوں روپے کے بل بھجوائے جارہے ہیسکو اور لیسکو کو سندھ کے حوالے کیا جائے، اعتزاز احسن ، مراد علی شاہ اور عمران لغاری کی مشترکہ پریس کانفرنس

جمعہ 3 جولائی 2015 08:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3 جولائی۔2015ءِ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی حکومت کا ساتھ نہیں دیا ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے ، جمہوریت اور نظام کو بچانے کی ہماری حکمت عملی کا حکومت کو فائدہ ہوا ہے ، پنجاب میں منصوبے تو راتوں رات بن جاتے ہیں لیکن سندھ کے ساتھ ناانصافی کرتے ہوئے سندھ کے منصوبوں کو کٹھائی میں ڈالا جارہا ہے ، سندھ پورے پاکستان سے زیادہ بجلی کے بل ادا کررہا ہے ، بجلی بحران کا حل سندھ میں ہے ، سندھ کے پرائمری اور مڈل سکولوں کو اوور بلنگ کرتے ہوئے کروڑوں روپے کے بل بھجوائے جارہے ہیسکو اور لیسکو کو سندھ کے حوالے کیا جائے ۔

ان خیالات کااظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن ، سندھ کے صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے ایم این اے عمران لغاری نے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہنگامی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اعتزاز احسن نے کہا کہ سندھ کیخلاف پروپیگنڈہ کیاجارہا ہے اور صوبہ سندھ میں خامیاں نکالی جارہی ہیں سندھ کے بجلی کے انفراسٹرکچر اور توانائی کے ضروری منصوبوں کو کٹھائی میں ڈال دیا جاتا ہے اگر پنجاب کے منصوبے ہوں تو پی سی ون تیار ہونے سے پہلے ہی فنڈ مہیا کردیئے جاتے ہیں سندھ میں بجلی کے چھوٹے منصوبوں کیلئے ایل او آئی جاری نہیں کئے جارہے ہیں سندھ میں ونڈ انرجی کے منصوبوں کو موخر کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے عدلیہ کے ذریعے رینٹل پاور پراجیکٹ ختم کردیا جبکہ رینٹل پاور کا ریٹ چودہ روپے فی یونٹ پڑتا تھا حکموت نندی پور پاور پراجیکٹ پر مہنگے ترین ریٹ پر اکتالیس روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کررہی ہے نندی پور پاور پراجیکٹ پر 574 ملین ڈالر خرچ کئے گئے سندھ کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے صوبائی وزیر خزانہ صوبہ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بجلی بحران کا حل سندھ میں ہے تھرکول اور ونڈ انرجی منصوبوں سے پچاس ہزار میگا واٹ بجلی تیار کی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ جولائی 2014ء سے مئی 2015ء بلوچستان میں 18.6 میگا واٹ بجلی استعمال کی جس کا بل 29ارب روپے ادا کیا خیبر پختونخوا نے 488 میگا واٹ بجلی استعمال کی جس کا بل 2.8 ارب روپ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

پنجاب نے 2354 میگا واٹ بجلی استعمال کی جس کا بل 11.6 ارب روپے ادا کیا سندھ نے کراچی کے علاوہ 417 میگا واٹ بجلی استعمال کی جس کا بل 16.5 ارب روپے ادا کیا پاکستان سے زیادہ بجلی کے بلوں کی رقم ادا کررہا ہے جبکہ اس کے بجلی کا استعمال پنجاب سے بہت کم ہے انہوں نے کہا کہ جکیب آباد گرلز پرائمری سکول کو جنوری 2014ء کا بل 66ہزار یونٹ بھیجا جس کا بل دس لاکھ بارہ ہزار 159 روپے بنتا ہے قمبر میں مڈل سکول کو دو کروڑ کا بل بھجوایا گیا انہوں نے کہا کہ ہم اس طرح کے بلوں کو ادا نہیں کرینگے نوڈیرو اور دادو کے علاقوں میں بائیس بائیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ کیبنٹ کمیٹی برائے انرجی میں پنجاب کے وزیراعلیٰ تو موجود ہوتے ہیں لیکن سندھ کے وزیراعلیٰ کو دعوت ہی نہیں دی جاتی انہوں نے کہا کہ سی سی آئی کے اجلاس میں پہلے ہی کہا تھا کہ گڈانی منصوبہ بجلی بحران کا حل نہیں ہے مراد علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کنڈے ڈالنے کی خبریں افسانی کہانیاں ہیں ایسے کنڈے تو پنجاب بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی لگے ہوں گے انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت صرف دھرنوں سے ڈرتی ہے اگر حکومت نے ناانصافی ختم نہ کی تو ہم دھرنے دینے سے بھی گریز نہیں کرینگے پریس کانفرنس کے دورا ایک سوال کے جواب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم نے کبھی حکومت کاساتھ دیا ہمیشہ جمہوریت کا ساتھ دیا ہے جمہوریت اور نظام بچانے کی ہماری حکمت عملی کا حکومت کو فائدہ ہوا ہے حکومت اپنے کارناموں کی وجہ سے اپنا وقار کھو رہی ہے