وفاق نے کے الیکٹرک سے متعلق جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا،کے الیکٹرک کی طلب 2500میگا واٹ، پیداواری صلاحیت2710 میگاواٹ ہے،650 میگاواٹ این ٹی ڈی سی سے لیتا ہے،کے الیکٹرک این ٹی ڈی سی،پی ایس او اوروفاق سمیت دیگر کمپنیوں کا ایک سوتیس ارب سے زائد کا نادہندہ ہے،نیپرا نے کراچی الیکٹرک کمپنی کو بجلی بحران کا ذمہ دار ٹھہرا دیا، نیپرا آج کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کرکے انس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گا

منگل 30 جون 2015 09:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 جون۔2015ء )وفاق نے کے الیکٹرک سے متعلق اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرادیا،وفاق کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک بجلی کی طلب پوری کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،لیکن کارکردگی نہیں بڑھاتی، کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے حوالے سے متعلق کیس میں وفاق نے سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا ہے،وفاق کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کی طلب پچیس سومیگا واٹ،جبکہ پیداواری صلاحیت ستائیس سودس میگاواٹ تک ہے،جبکہ کے الیکٹرک چھ سوپچاس میگاواٹ بجلی این ٹی ڈی سی سے بھی لیتا ہے،جواب میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کے پاس طلب پوری کرنے کی صلاحیت موجود ہے،کے ایکٹرک این ٹی ڈی سی،پی ایس او اوروفاق سمیت دیگر کمپنیوں کا ایک سوتیس ارب سے زائد کا نادہندہ ہے،جواب میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے وفاق پرلگائے جانے والے تمام الزامات بے بنیاد ہیں،وفاق اورکے الیکٹرک کے درمیان دوہزار پانچ کے معاہدے کوغلط پیش کیا جا رہا ہے،جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دوہزارپانچ میں کیا گیا معاہدہ دوہزاربارہ میں ختم ہوگیا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب نیپرا نے کراچی الیکٹرک سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نیپرا نے کراچی الیکٹرک کمپنی کو بجلی بحران کا ذمہ دارٹھہرا دیا، نیپرا ٓج( منگل ) کے الیکٹرک کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری کرکے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا کے الیکٹرک سے متعلق ابتدائی رپورت جاری کرتے ہوئے کے الیکٹرک کمپنی کو کراچی میں شدید بجلی بحران کا ذمہ دار قرار دیا۔

ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کمپنی نے بجلی کی پیداوار بڑھانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کیے لوڈ بڑھنے سے بہت سے علاقوں میں فیڈرز ٹرپ کر گئے کے الیکٹرک کمپنی نے ڈسٹری بیوشن ترسیل سمیت دیگر انتظامات کے اپ گریڈیشن پر کوئی توجہ نہیں دی گئی کراچی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کی کے الیکٹرک کمپنی کی نااہلی کے باعث ہوئی جس سے ہزاروں لوگوں کی اموات وقوع پذیر ہوئیں۔

رپورٹ میں یہ کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک کمپنی میں مناسب سرمایہ کاری نہیں کی گئی سرمایہ کاری نہ ہونے کے باعث کے الیکٹرک کمپنی کا سروس معیار شدید متاثر ہوا کے الیکٹرک کے پیک اور کے دوران 25 سے 2700 میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی۔ رپورت کا یہ بھی کہنا تھاکہ کے الیکٹرک کمپنی پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کا امکان ہے۔