پنجاب حکومت نے مختلف منصوبوں میں کمپنیوں کیساتھ کامیاب بات چیت کرکے اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں،سی پیک کے تحت300میگاواٹ کا سولر منصوبہ رواں برس کے اختتام تک بجلی مہیا کرے گا:شہبازشریف،لاہور میٹروبس کی شاندار کامیابی کے بعدعوام نے پاکستان میٹروبس سروس کی زبردست پذیرائی کی ہے،پاکستان میٹروبس سروس سے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ شہریوں کو باکفایت ، جدید،تیزرفتار اورآرام دہ سفری سہولتیں مل رہی ہیں، ملتان میں بھی میٹروبس پراجیکٹ پر کام کا آغاز کردیا ہے ، یہ منصوبہ بھی اعلی معیار اورشفافیت کا شاہکار ہوگا،اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب آفرین پراجیکٹ ہوگا:وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

پیر 29 جون 2015 08:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 جون۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران کے حل کیلئے تیزرفتاری سے اقدامات اٹھارہی ہے ۔توانائی بحران کے حل کیلئے روایتی ذرائع کے ساتھ متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول پر توجہ دی جارہی ہے ۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک)کے تحت قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں چینی کمپنی نے سولر منصوبہ پر کام شروع کردیا ہے اور300میگاواٹ کا سولر منصوبہ رواں برس کے اختتام تک بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے ان خیالات کااظہار صوبے میں ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچراورتوانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران صوبے میں جاری ٹرانسپورٹ ،انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی منصوبوں کے ساتھ ٹرانسپورٹ اورانفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

میٹروبس پراجیکٹس نے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں نیا کلچر متعارف کرایا ہے ۔لاہور میٹروبس پراجیکٹ کی شاندار کامیابی کے بعدعوام نے جڑواں شہروں میں پاکستان میٹروبس سروس کی زبردست پذیرائی کی ہے اورپاکستان میٹروبس سروس سے روزانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ شہری باکفایت ، جدید،تیزرفتار اورآرام دہ سفری سہولتوں سے مستفید ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ملتان میں بھی میٹروبس پراجیکٹ پر کام کا آغاز کردیا ہے اور یہ منصوبہ بھی لاہور اور راولپنڈی کے میٹروبس پراجیکٹس کی طرح اعلی معیار اورشفافیت کا شاہکار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں اورنج لائن میٹروٹرین چلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب آفرین پراجیکٹ ہوگا۔ جدید ٹرین کے منصوبے سے عوام کو باکفایت ،تیرز رفتار اورجدید سفری سہولتیں میسر آئیں گی اورمیٹروٹرین کا منصوبہ ملک کی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مختلف منصوبوں میں کمپنیوں کیساتھ کامیاب بات چیت کرکے رضاکارانہ طورپر اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں اورقوم کے اربوں ر وپے کے وسائل بچانے کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبوں میں شفافیت اوراعلی معیار کے ساتھ تیزرفتارتکمیل مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا طرئہ امتیازہے اوریہی وجہ ہے کہ تمام منصوبوں کو انتہائی تیزرفتاری کے ساتھ اعلی معیار برقرار رکھتے ہوئے مکمل کیا جارہا ہے ۔صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن،رانا مشہود احمد ،تنویر اسلم ملک ،اراکین قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف،پرویز ملک ، روحیل اصغر،مہر اشتیاق احمد ،چےئرمین لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی خواجہ احمد حسان،اراکین صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔