پنجاب کے ٹارگٹ کلرز اور قاتلوں کے خلاف رینجرز کب آپریشن کرے گی؟ڈاکٹر طاہر القادری، کراچی میں 10روز سے موت کا کھیل جاری ہے ، وزیر اعظم اسلام آباد کے محل میں سوئے رہے،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ،حکمران صرف لوٹنے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں، حکمران دہشت گردی کے بین الاقوامی ایشو کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ،ہیتھرو ائیر پورٹ لندن میں صحافیوں سے گفتگو

پیر 29 جون 2015 08:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 جون۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے پاکستان روانگی سے قبل لندن میں ہیتھرو ائر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران دہشت گردی کے بین الاقوامی ایشو کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے ۔حکمرانوں کا مجرمانہ عمل اسی طرح جاری رہا تو اس کی سزا آئندہ نسلیں بھگتیں گی۔انہوں نے کہاکہ دورہ لندن کے دورا ن دہشتگردی کے خاتمہ کے حوالے نصاب پیش کیا۔

29جولائی کو اسلام آباد میں بھی امن نصاب کی تقریب رونمائی ہو گی ۔دہشتگردی کو ختم کرنے کرنے کیلئے بندوق کے ساتھ ساتھ قلم کا موثر استعمال بھی ضروری ہے ۔انہوں نے کراچی میں لوڈ شیڈنگ اور شدید گرمی کے باعث ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ ان اموات کے ذمہ دار وہ عناصر ہیں جنھوں نے 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا انہوں نے کہا کہ یہ صرف ملک کو لوٹنے کیلئے اقتدار میں آتے ہیں ،لاکھوں کی تعداد میں بھی لوگ مر جائیں ان کے کانوں پر جوں ت نہیں رینگتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں 10روز سے موت کا کھیل جاری ہے اور وزیر اعظم اسلام آباد کے آرام دہ محل میں سوئے رہے ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ کارکنوں کے بہنے والے خون کے قطر قطرے کا حساب لیں گے ۔انہوں نے کہاکہ میں رینجرز کو کراچی میں کریمنلز کے خلاف جرات مندانہ کر دار ادا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں،وہ اپنا بنیادی فریضہ انجام دے رہے ہیں لیکن میں انکو یا د دلانا چاہتا ہوں کہ کچھ لاشیں پنجاب میں بھی پڑی ہیں کچھ قاتل پنجاب میں بھی دندناتے پھر رہے ہیں اور وہ اقتدار کی کرسی پر بیٹھے ہیں ،انکے خلاف آپریشن کب شروع ہو گا ؟انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام ہوا اور ہم ظالموں اور ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ،اللہ کی بارگاہ سے فیصلہ آنے میں دیر ہوتی ہے اندھیر نہیں ۔

یہ قانونی جنگ جاری ہے اور جاری رہے گی اس وقت تک لڑیں گے جب تک قاتل کیفر کردار تک نہیں پہنچ جاتے ۔انہوں نے عمران خان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ مجھے انکی لندن آمد کا علم نہیں نہ مجھے کسی نے ان کے بارے میں بتایا ہے اور نہ ہی ہماری کوئی ملاقات ہوئی ہے ۔