عام انتخابات2013ء شفاف اور غیر جانبدارانہ تھے کوئی دھاندلی نہیں،الیکشن کمیشن

پیر 29 جون 2015 08:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 جون۔2015ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2013ء میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحقیقات کرنے والے انکوائری کمیشن کے روبرو تحریری دلائل میں انکشاف کیا ہے کہ عام انتخابات2013ء شفاف اور غیر جانبدارانہ تھے کوئی دھاندلی نہیں ہوئی،تحریک انصاف اپنے کئی الزامات سے دستبردار ہوچکی ہے،پی ٹی آئی نے واضح الزام لگایا اور نہ ہی شواہد جمع کروائے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس اعجاز افضل خان پر مشتمل3رکنی انکوائری کمیشن کو بھجوائے گئے تحریری دلائل میں کہا گیا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی اردو بازار سے چھپائی سے متعلق تحریک انصاف نے کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔اضافی بیلٹ پیپرز کا استعمال کس نے اور کس کے حکم پر کیا اس کا بھی ثبوت نہیں دیا گیا۔فارم 15کی گم شدگی اور تھیلوں کی سیل ٹوٹنا بدانتظامی ہے اس سے کوئی بدنیتی ثابت نہیں ہوتی،نادرا رپورٹس میں بھی دھاندلی ثابت نہیں ہوئی،اس لئے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عام انتخابات 2013ء آزادانہ،منصفانہ اور شفاف تھے،اس لئے تحریک انصاف کے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں