اقوام متحدہ مصر میں جاری عدالتی سزاؤں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے، سراج الحق،کہ 1707 افراد کو مصر میں عدالتوں کے ذریعے پھانسی کی سزا سنا دی گئی ہے جبکہ ایک سال میں 41 ہزار افراد جیلوں میں جا چکے ہیں اور مختلف بے بنیاد الزامات کا سامنا کر رہے ہیں سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی اور سابق بر سراقتدار جماعت کے خلاف انتقامی کاروائی انصاف و قانون کے تمام اصولوں کے سراسر خلاف ہے ، سیکرٹری جنرل بان کی مون کے نام اپنے خط میں اپیل

اتوار 28 جون 2015 08:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جون۔2015ء)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مصر میں جاری عدالتی سزاؤں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے نام اپنے خط میں سینیٹر سراج الحق نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ 1707 افراد کو مصر میں عدالتوں کے ذریعے پھانسی کی سزا سنا دی گئی ہے جبکہ ایک سال میں 41 ہزار افراد جیلوں میں جا چکے ہیں اور مختلف بے بنیاد الزامات کا سامنا کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سرا ج الحق نے کہاکہ سابق صدر ڈاکٹر محمد مرسی اور سابق بر سراقتدار جماعت کے خلاف انتقامی کاروائی انصاف و قانون کے تمام اصولوں کے سراسر خلاف ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اور اقوا م متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور موت کی سزاؤں کے سلسلے کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے ۔ سینیٹر سراج الحق نے اپنے خط میں مزید کہاکہ مصر میں کی جانے والی گرفتاریوں کا ہدف اسلامی جماعتوں کے علاوہ وہ لوگ بھی ہیں جو موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے اختلاف رکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران ٹولے نے مصر میں ظلم و زیادتی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں ، عالمی برادری کو بھی اس کی بھر پور مذمت کرنی چاہیے ۔