سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے عمران خان کیخلاف ہرجانہ کیس میں فیصلہ محفوظ

اتوار 28 جون 2015 08:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جون۔2015ء)سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف تیس ارب روپے ہرجانہ کیس میں مقدمے کی سماعت روکنے یا نہ روکنے بارے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کامران بشارت مفتی نے کیس کی سماعت کی تو تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ڈاکٹر بابر اعوان جبکہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی طرف سے شیخ احسن الدین عدالت کے روبرو پیش ہوئے ڈاکٹر بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ سماعت پر انہوں نے جرمانہ عائد کئے جانے کے عدالتی حکم کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے لہذا عدالت ہائی کورٹ کے عدالتی فیصلہ آنے تک مقدمہ کی سماعت روک دے جس پر شیخ احسن الدین نے شدید نقطہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ فریق مخالف عدالت کو مسلسل گمراہ کررہے ہیں انہوں نے جو درخواست ہائی کورٹ میں دائر کی اس کا کوئی ثبوت عدالت میں پیش نہیں کیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ فریق مخالف عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کررہے ہیں ابھی تک خود پر عائد جرمانہ بھی عدالت میں جمع نہیں کروایا بعد ازاں عدالت نے ڈاکٹر بابر اعوان کو ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی کاپی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت روکنے یا نہ روکنے کے حوالے سے فیصلہ محفوظ کرلیا ۔