کراچی آپریشن میں کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کے اختیارات دینے کیلئے ایف آئی اے تحفظ پاکستان ایکٹ شیڈول شامل ، ایکٹ کے تحت جے آئی ٹیز میں ایف آئی اے کو بھی شامل کیا جائے گا ، کرپٹ عناصرکی گرفتاریوں کیلئے رینجرز کے ہمراہ ایف آئی اے کی ٹیمیں بھی ہوں گی، رینجرز کے پاس کرپشن الزام میں گرفتار ملزمان سے تفتیش ایف آئی اے کرے گی ، ، ملزمان کو 90 روز تک جسمانی ریمانڈ میں رکھ سکے گی ‘ذرائع

اتوار 28 جون 2015 08:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28 جون۔2015ء) کراچی میں جاری آپریشن میں کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کے اختیارات دینے کیلئے تحفظ پاکستان ایکٹ کے شیڈول میں ایف آئی اے کو شامل کرلیا گیا ہے،اس ایکٹ کے تحت بنائی جانے والی جے آئی ٹیز میں ایف آئی اے کو بھی شامل کیا جائے گا جبکہ کرپشن کے الزامات میں گرفتاریوں کیلئے رینجرز کے ہمراہ ایف آئی اے کی ٹیمیں بھی ہوں گی، رینجرز کے پاس کرپشن الزام میں گرفتار ملزمان سے تفتیش ایف آئی اے کرے گی اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ اب ملزمان کا 90 روز کا ریمانڈ لے سکے گی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں جاری کرپشن کے خلاف آپریشن کو مزید تیز کرنے کیلئے تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت ایف آئی اے کو بھی خصوصی اختیارات دے دیئے ہیں، اختیارات دینے کا فیصلہ کراچی میں جاری گرفتاریوں پر سیاسی جماعتوں کی جانب سے آنے والے رد عمل کی روشنی میں کیا گیا ہے، تحفظ پاکستان ایکٹ کے تحت کرپشن الزامات میں گرفتار ہونے والے تمام افراد سے ایف آئی اے تفتیش کرے گی اور ایف آئی اے ہی ان کو عدالتوں میں پیش کرے گی، تاہم یہ ملزمان سکیورٹی وجوہات کی بناء پر رینجرز کے پاس ہی رہیں گے، کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے کیلئے ایف آئی اے اپنے ساتھ رینجرز کے دستے رکھ سکے گی اور ملزمان کا 90 روز کا ریمانڈ حاصل کر سکے گی۔