میرا جینا اور مرنا پاکستانی عوام کے ساتھ ہے ، ہمارے خاندان اور پیپلز پارٹی نے جو قربانیاں عوام کی خاطر دیں،بلاول بھٹو زرداری،عنقریب عید کے بعد پاکستان کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں کا دورہ کرونگا ،دبئی سے پاکستان روانگی سے قبل پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سے ٹیلی فون پر گفتگو ،بلاول بھٹو زرداری وطن واپس پہنچ گئے، بلاول بھٹو زرداری پاکستان میں 10روز قیام کے بعد واپس دبئی چلے جائیں گے۔ پارٹی ذرائع ،بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری دبئی میں شاہی خاندان کے افطار میں شرکت کیلئے گئے تھے،قوی امکان ہے کہ آصف زرداری بھی آج کراچی پہنچ جائیں

ہفتہ 27 جون 2015 03:41

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 جون۔2015ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میرا جینا اور مرنا پاکستانی عوام کے ساتھ ہے اور ہمارے خاندان اور پیپلز پارٹی نے جو قربانیاں عوام کی خاطر دی ہیں وہ ہمیشہ تاریخ کے سنہری باب میں لکھی جائینگی میں عنقریب عید کے بعد پاکستان کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں کا دورہ کرونگا اور اس دوران پیپلز پارٹی پورے ملک کی عوام کی پارٹی ہے اسے آئندہ انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا جائے گا ۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بات پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کو دبئی سے پاکستان روانہ ہونے سے قبل ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم کسی بھی ڈکٹیٹر یا آمر سے ڈرنے اور جھکنے والے نہیں میری والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے عوام اور جمہوریت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا جبکہ میرے نانا ذوالفقار علی بھٹو بھی اصولوں اور عوام کی خاطر تختہ دار پر چڑھ گئے مگر عوام کا سودا نہ کرکے ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی اور بھٹو خاندان کا رشتہ گہرا ہے انہوں نے کہا کہ میں عنقریب پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے ساتھ ساتھ صوبہ بھر میں پیپلز پارٹی کے عہدیداروں میں تبدیلیاں کی جائینگی محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھیوں کے ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی کے نوجوان کارکنوں کو پارٹی میں اہم عہدے دیئے جائینگے اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پنجاب میں بڑا سرپرائز دیا جائے گا بلاول بھٹو آئندہ دو تین دن میں لاہور پہنچے گئے اور یہاں پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت کے علاوہ ضلعی اور تحصیل کی سطح کے عہدیداوں سے ملاقات کرکے پارٹی منظم کرنے کا طریقہ کار عمل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ادھرپاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دبئی میں 2 روزہ قیام کے بعد جمعہ کی شب غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز ای کے 602 سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری دو روز کراچی میں قیام کے بعد اتوار کو لاہور پہنچیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان میں 10روز قیام کے بعد واپس دبئی چلے جائیں گے۔ پیپلزپارٹی ذرائع نے مزید بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری دبئی میں شاہی خاندان کے افطار میں شرکت کیلئے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ آصف علی زرداری بھی آج(ہفتہ) کراچی پہنچ جائیں۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی یکے بعد دیگرے دبئی روانگی سے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں میں بددلی پھیلنے لگی ۔ قیاس آرائیوں اور افواہوں کا بازار گرم ہو گیا جس پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دبئی سے پاکستان کی راہ لی تاکہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے حوصلے بلند رہیں ۔

واضح رہے کہ کراچی میں سرکاری افسران اور فرنٹ مینوں کی گرفتاریاں عمل میں آئیں تو کئی سیاست دانوں اور بیوروکریٹس نے ضمانت قبل ازگرفتاری کرا لی جبکہ آصف زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور دبئی چلے گئے۔ ایک طرف پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع ہیں دوسری جانب کراچی میں گرفتاریوں کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ایسے میں واضح لائحہ عمل اپنانے کے بجائے پیپلز پارٹی کی قیادت مخمصے کا شکار نظر آ رہی ہے ۔