وزارت داخلہ بی بی سی کی رپورٹس کا باریک بینی سے جائزہ لے رہا ہے،دفتر خارجہ،پاکستان کے مفاد تمام اقدامات اٹھائیں گے،بھارت نے اقوام متحدہ میں سیاست کرنے کی کوشش کی ،زید حامد سعودی عرب میں گرفتار ہیں،رہائی کیلئے اقدامات کررہے ہیں،مذاکرات کی بحالی کیلئے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے جواب کے منتظر ہیں،خلیل اللہ قاضی کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعہ 26 جون 2015 02:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جون۔2015ء)ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ نے بی بی سی کی رپورٹس کا نوٹس لے لیا ہے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کسی نتیجے پر پہنچیں گے،پاکستان کے مفاد میں تمام اقدامات اٹھائیں گے،بھارت نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرنے کی کوشش کی ہے جس میں اسے ناکامی ہوئی،سعودی عرب میں زید حامد کی رہائی کیلئے پاکستانی سفارت خانہ اقدامات کررہا ہے ،بھارت کی جانب سے مذاکرات کی بحالی کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے اس حوالے سے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے جواب کے منتظر ہیں۔

جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بی بی سی کی جانب سے ایم کیو ایم پر سنگین الزامات عائد کئے گئے ہیں ان الزامات کی وزارت داخلہ اور متعلقہ ادارے باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد حتمی نتیجے پر پہنچنا جائیگاپاکستان کے مفاد میں تمام اقدامات اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے ،بھارت کی جانب سے مذاکرات کی بحالی کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے ،مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے بھارتی سیکرٹری خارجہ کے جواب کے منتظر ہیں،انہوں نے کہا کہ بھارت نے اقوام متحدہ میں سیاست کرنے کی کوشش کی ہے اور پاکستان کے خلاف پراپیگنڈا کرنے جارہا تھا تاہم چین نے اس پراپیگنڈا کو بری طرح ناکام بنا دیا ہے ،پاکستان اپنی عالمی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور پاکستان یو این ریجیم1267 پر عمل پیرا ہے ،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں عالمی برادری نے اس کا اعتراف کیا ہے،دفتر خارجہ نے کہا کہ زید حامد کو دو ہفتے قبل سعودی عرب میں گرفتار کیا گیا ہے اس حوالے سے پاکستان لمحہ با لمحہ آگاہ ہے،سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانہ زید حامد کی رہائی کیلئے اقدامات کررہا ہے اور مسلسل سعودی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔