پاکستان کی علاقائی سالمیت پر حملے کا بھرپور جواب دیا جائیگا،ملیحہ لودھی، آپریشن ضرب عضب تمام دہشت گردوں کے بلاامتیاز خاتمے کے پاکستانی عزم کا اظہار ہے،دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں،پاکستان دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں افغان حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے پْرعزم ہے،سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال پر بحث

بدھ 24 جون 2015 08:40

نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24 جون۔2015ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ ملک کی علاقائی سالمیت پر حملے یا کچھ حصوں کو غیر مستحکم کرنے کی کسی بھی کوشش کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔نیو یارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی صورتحال پر جاری بحث کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان سختی کے ساتھ دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لئے کوشاں ہے۔

آپریشن ضرب عضب سے تمام دہشت گردوں کے بلاامتیاز خاتمے کے پاکستانی عزم کا اظہار ہوتا ہے۔ دہشت گردوں کے سرپرست چاہے ملک کے اندر ہوں یا باہر، پاکستان پوری شدت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کام کرتا رہے گا۔ پاکستان کے بعض حصوں کو غیرمستحکم کرنے یا اس کی علاقائی سالمیت پر حملہ کرنے کی کسی بھی کوشش کا پوری قوت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان گزشتہ روز افغان پارلیمنٹ پر ”سنگدلانہ“ حملے سمیت افغانستان میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں افغان حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے پْرعزم ہے۔ بین الاقوامی برادری افغانستان میں پائیدار امن کے لیے افغان حکومت اور مسلح گروہوں کے درمیان براہِ راست مذاکرات کے لیے سہولت فراہم کریں۔