این اے 19 انتخابات پی ٹی آئی ریحام خان کو میدان میں کھڑا کر سکتی ہے ،پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی عمران خان کو تجویز

منگل 23 جون 2015 08:16

ہری پور( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جون۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف ہر ی پور کے حلقہ این اے 19 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار کے مقابلے میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیر مین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان کو میدان میں کھڑا کر سکتی ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق 2013 کے عام انتخابات میں ہر ی پور کے حلقہ این اے 19 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار راجہ عامر زمان نے پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے عمر ایوب کو شکست دی تھی جس پر عمر ایوب نے راجہ عامر زمان کی کامیابی کو الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کرتے ہوئے یہ دعوی کیا کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے الیکشن ٹربیونل کے حکم پرجنوری 2014 میں اس حلقے کے سات پولنگ اسٹیشن پر دوبار پولنگ ہوئی جس میں عمر ایوب نے 622 ووٹوں سے یہ نششت جیت لی انکی کامیابی پر راجہ عامر زمان نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ کی سر براہی میں اس حلقے میں دوبار انتخابات کرانے اور مسلم لیگ کے کامیاب امیدوار کو تمام مراعات بشمول تنخواہیں واپس کر نے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 19 میں دوبارہ انتخابا ت کا اعلان ہوتے ہی تمام پارٹیاں اپنے امیدوار کی کامیابی کی ضمانت دے رہی ہیں تو اس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان بھی اپنی اہلیہ کو پارٹی میں مزید سیاسی کردار اداکرنے کے لئے دلچسپی لیتے نظر آرہے ہیں ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ریحام خان کو سیاسی میدان میں کھڑا کرنے کی تجویز دی ہے اور اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے پاکستان تحریک انصاف کے ایک رکن ناصر خان نے دعویٰ کیا ہے کہ ریحام خان( بھابھی) کا انتخاب موزوں ہے کیونکہ یہ انکا آبائی علاقہ ہے اور ان کے خاندان کا کافی اثر و رسوخ ہے ہم کوٹ نجیب اللہ کے سرداروں ،ترینوں اور راج گن سے نالاں اور بدظن ہوچکے ہیں ہم تبدیلی چاہتے ہیں اور ریحام ہی عوام میں تبدیلی لاسکتی ہیں