پاکستان میں گرمی نے 2 دن میں600 سے زائد افراد کی جان لے لی،سپتالوں میں مریضوں کی آمدکاسلسلہ جاری،ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کے عذاب نے عوام کی زندگی مزید مشکل بنا دی،گرمی سے جلتے تپتے عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، مختلف شہروں میں بجلی کی بندش کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور احتجاج، گذشتہ تین روز کے دوران کراچی سمیت دیگر علاقوں میں ریکارڈ گرمی پڑنے سے 400 سے زائد افرادجان کی بازی ہار گئے،سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ، ایدھی حکام کی جگہ کی کمی کے باعث مذید لاشیں رکھنے سے معذرت ،کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے ہیٹ اسٹروک سینٹر زقائم کردےئے ،وزیراعظم کا کراچی میں موسم کی شدت کے باعث ہلاکتوں پراظہار افسوس،بجلی فراہمی کی صورتحال پر وزیراعظم آفس کومسلسل آگاہ رکھاجائے، نواز شریف کی ہدایت

منگل 23 جون 2015 08:07

کراچی/اسلام آباد /ٹھٹھہ/نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23 جون۔2015ء )پاکستان میں حالیہ گرمی کی لہر نے2 دن میں600 سے زائد افراد کی جان لے لی، گرمی کے ساتھ لوڈ شیڈنگ کے عذاب نے عوام کی زندگی مزید مشکل بنا دی، گذشتہ تین روز کے دوران کراچی سمیت دیگر علاقوں میں ریکارڈ گرمی پڑیجس کے باعث 400 سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، شدید گرمی کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کی آمدکاسلسلہ جاری ،سندھ حکومت نے نوٹس لیتے ہوئے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ ایدھی حکام نے جگہ کی کمی کے باعث مذید لاشیں رکھنے سے معذرت کرلی،کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے ہیٹ اسٹروکسینٹر زقائم کردےئے ،وزیراعظم نوازشریف نے گرمی سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے این ڈی ایم اے کوعوام کی سہولیت کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گرمی اور لو لگنے سے اموات کا سلسلہ نہ رک سکا گزشتہ تین روز میں ہلاکتوں کی تعداد 400سے تجاوز کرگئی ، سیکڑوں مریض اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ رمضان المبارک میں شدید گرمی کے ساتھ لوڈشیڈنگ کے عذاب نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی اور گرمی سے جلتے تپتے عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ مختلف شہروں میں بجلی کی بندش کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور احتجاج کیا گیا۔

حکومت سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی۔ ہلاکتوں میں اضافہ کے باعث ایدھی حکام نے سرد خانوں میں مزید لاشیں رکھنے سے معذرت کرلی ہے۔دو روز بعد حکومت سندھ نے گرمی سے ہونے والی مسلسل اموات کا نوٹس لیتے ہوئے ہوئے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔

دوسری جانب کراچی میں جاری گزشتہ 3 روزسے جاری شدید گرمی کے بعد شہرکے مختلف علاقوں میں تیزہواوٴں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم گرمی کی شدت بدستور برقرار ہے۔ جن علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی ان میں فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا اور واٹر پمپ کے علاقے شامل ہیں۔گرمی سے ستائے نوجوان تیزہواوٴں کے ساتھ ہونے والی بوندا باندی سے لطف اندوز ہونے کے لئے گھروں سے باہر نکل آئے اوربوندا باندی میں ہی نہاتے ہوئے گرمی کی شدت سے جھٹکارا حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور کے ایم سی کے متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں گرمی کی شدت کے باعث ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں گرمی کی شدت کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے جب کہ وزیراعظم نے گرمی کی شدت سے متاثر ہونے والے افراد کو بہترین طبی امداد پہنچانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی سہولت کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں اور بجلی کی فراہمی کی صورتحال پر وزیراعظم آفس کو مسلسل آگاہ رکھا جائے جائے اور ساتھ ہی عوام میں آگاہ پیدا کی جائے تاکہ انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جاسکے۔