جے ایف17 تھنڈر کا پہلا ایشیائی خریدار ملک ممکنہ طور پرمیانمار بن گیا، میانمار فضائیہ کے سربرا مئی کے آخر تک پاکستان میں تھے انہوں نے دفاعی حکام سے ملاقات، مختلف اڈوں اور تنصیبات کا دورہ کیا۔ امریکی و جاپانی میڈیا کا دعویٰ

جمعہ 19 جون 2015 07:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 جون۔2015ء ) پاکستان اور چین کی طرف سے مشترکہ طور پر تیار کردہ جے ایف17 تھنڈر کا پہلا ایشیائی خریدار ملک ممکنہ طور پر میانمار بن گیا ہے۔ امریکا کی دفاعی نیوز سائیٹ ’ڈیفنس نیوز‘ کے مطابق جے ایف تھنڈر کے ممکنہ خریدار ملک میانمار کے ہونے کا یقین ہے، پاکستان فضائیہ کی دعوت پر میانمار فضائیہ کے سربراہ جنرل کھن آنگ مینٹ 4روزہ دورے پر مئی کے آخر تک پاکستان میں تھے۔

ان کے اس دورے کے بارے بہت کم تفصیلات بتائی گئی ہیں، تاہم انہوں نے دورے کے دوران سینئر دفاعی حکام سے ملاقات کی اور مختلف اڈوں اور تنصیبات کا دورہ کیا۔ رپورٹ کے مطابق ارجینٹینا اور نائیجیریا بھی ان طیاروں کی خریداری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ جے ایف17 تھنڈر کی برآمد کے پہلے آرڈر کی تصدیق دیگر ممکنہ خریداروں کو آگے بڑھنے میں حوصلہ افزائی کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

لیکن وہ تسلیم کرتے ہیں کہ بہت سے عوامل ایک معاہدے کو پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔ تجزیہ کار اور سابق ایئر فورس پائلٹ ایئر کموڈور قیصر طفیل بہت پر امید ہیں کہ جے ایف17 اب مزید گاہکوں کو متوجہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک نامعلوم ’ایشیائی‘ ملک کے ساتھ معاہدے پر دستخط کے بعد طیاروں کی فروخت کو بڑا فروغ ملے گا اور بہت سے ایشیائی اور افریقی ممالک کی اس میں دلچسپی بڑھ سکتی ہے۔

جاپانی جریدے’دی ڈپلومیٹ‘ کے مطابق متعدد ممالک کی ائیر فورس جے ایف تھنڈر کو خریدنے میں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں، جن میں ارجینٹینا، بنگلادیش، بلغاریہ، میانمار، نائیجیریا، فلپائن، وینزویلا اور زمبابوے شامل ہیں، تاہم ان میں اس وقت ممکنہ خریدار ملک میانمار ہی ہے، تاہم جریدے نے کہا کہ تاحال یہ رپورٹ غیر تصدیق شدہ ہے۔

متعلقہ عنوان :