وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ کا 15 واں اجلاس،ملک بھر میں بجلی کی طلب و رسد،ایل این جی کی درآمد اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ،سحر ،افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ بالکل نہ کی جائے،وزیر اعظم کی ہدایت

جمعہ 19 جون 2015 07:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 جون۔2015ء)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ رمضان المبارک کے مہینے میں سحر،افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ بالکل نہ کی جائے جبکہ اس مبارک مہینے میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ہر صورت کم سے کم رکھا جائے۔جمعرات کے روز یہاں وزیر اعظم ہاؤس میں توانائی کابینہ کا15 واں اجلاس ہوا ،وزیر اعظم نواز شریف نے اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف ،وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی،وزیر خزانہ اسحاق ڈار،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق،وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے شرکت کی ،اجلاس میں وزیر اعظم کو ملک بھر میں بجلی کی طلب و رسد،ایل این جی کی درآمد اور توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور ان مختلف منصوبوں کے تکمیل بارے وزیر اعظم کوآگاہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان االمبارک کے مہینے میں افطار ،سحر اور تراویح کے اوقات میں ہر صورت لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور ملک بھر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بھی کم سے کم رکھا جائے ، شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 گھنٹے اور دیہاتوں میں 8 گھنٹے سے زائد نہ کیا جائے،وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کو اندھیروں سے نجات دلانے کیلئے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کئے جائیں ان منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،وزیر اعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کے منصوبوں بارے 15 روز بعدرپورٹ پیش کی جائے ،حکومت بجلی بحران کے خاتمے تمام وسائل بروئے فراہم کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معیشت کا دارو مدار توانائی پر ہے،ہم نے بحران کے خاتمے کا تہیہ کررکھا ہے اپنے دور اقتدار میں ملک کو اندھیروں سے ہمیشہ کیلئے نجات دلائیں گے تا کہ ملک خوشحالی کی جانب گامزن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :