آصف زرداری نے بدلتی سیاسی صورتحال اور سیاسی تنہائی کو کم کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو افطار ڈنر پر بلا لیا،اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کی بیماری کے باعث شرکت سے معذرت ‘چوہدری برادران نے دعوت میں شرکت فوج کیخلاف دئیے گئے بیان کو واپس لینے سے مشروط کر دی‘تحریک انصاف کا دعوت قبول کرنے سے انکار ،مولانا فضل الرحمن رمضان میں ختم القرآن کی مصروفیات کے باعث شرکت نہیں کریں گے‘جماعت اسلامی شرکت پرگومگو کی کیفیت کا شکار‘آفتاب شیر پاؤ کی شرکت پر سوالیہ نشان،الطاف حسین کاآمادگی کا اظہار ‘ فاروق ستار اور رشید گوڈیل ایم کیو ایم کی نمائندگی کریں گے

جمعہ 19 جون 2015 07:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔19 جون۔2015ء)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ملک کی بدلتی صورتحال اور پی پی پی کی سیاسی تنہائی کو کم کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو افطار ڈنر پر بلا لیا‘پی پی پی کی اتحادی جماعت اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی کی بیماری کے باعث شرکت سے معذرت ‘چوہدری برادران نے دعوت میں شرکت زرداری کے فوج کیخلاف دئیے گئے بیان کو واپس لینے سے مشروط کر دی‘تحریک انصاف نے دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیا‘مولانا فضل الرحمن رمضان میں ختم القرآن کی مصروفیات کے باعث شرکت نہیں کریں گے‘جماعت اسلامی دعوت میں جانے نہ جانے پر گومگو کی کیفیت کا شکار‘آفتاب شیر پاؤ کی شرکت پر بھی سوالیہ نشان جبکہ الطاف حسین نے دعوت میں شرکت پر آمادگی کا اظہار ‘ فاروق ستار اور رشید گوڈیل ایم کیو ایم کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی جو اس وقت پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے فوج مخالف دئیے گئے بیان کی وجہ سے شدید سیاسی تنہائی کا شکار ہو گئی ہے اس سیاسی بحران سے نکلنے کے لئے سابق صدر آصف علی زرداری نے نئے سیاسی داؤ پیچ آزمانے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کو (آج) جمعہ کو پہلے رمضان کے موقع پر افطار ڈنر پر بلا لیا تاہم سیاسی جماعتوں کی طرف سے انہیں کسی بھی مثبت ردعمل کا مظاہرہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

تاہم دلچسپ صورتحال یہ سامنے آئی ہے پی پی پی کی اتحادی جماعت اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے بیماری کے باعث شرکت سے معذرت کر لی جبکہ آصف زرداری کی جانب سے چوہدری برادران سے جب فون پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے زرداری پر واضح کر دیا کہ وہ صرف اسی صورت میں افطار ڈنر میں شرکت کر سکتے ہیں جب وہ فوج کیخلاف دیا گیا اپنا بیان واپس لیں۔

اس کے بعد پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے اپنے سیاسی رفیق الطاف حسین کو لندن میں ٹیلی کر دیا اور ان سے کراچی کی موجودہ صورتحال اور رینجرز کی کارروائیو ں اور اپنے بیان کے حوالے سے بات چیت کی ۔ اس موقع پر الطاف حسین نے ایم کیو ایم کے ان کے افطار دنر میں شرکت کرنے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار اور عبدالرشید گوڈیل شرکت کریں گے۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی سے کئے گئے رابطہ پر ان کی جانب سے معذرت کی گئی اور اسفند یار ولی نے انہیں بتایا کہ ان کی طبعیت خراب ہے لہذا وہ شرکت نہیں کر سکتے جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف نے اعلان کر دیا ہے کہ وہ زرداری کی دعوت میں شرکت نہیں کرے گی۔ دریں اثناء قیوم سومرو نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو انہیں بتایا کہ مولانا صاحب ختم قرآن میں مصروف ہیں لہذا وہ شرکت نہیں کریں گے۔جبکہ ادھر جماعت اسلامی بھی آصف زرداری کی دعوت پر گومگو کی کیفیت میں مبتلا ہے کہ وہ شرکت کریں یا نہ کریں جبکہ آفتاب شیر پاؤ کے جانے کے بھی امکانات کم ہیں