پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی،عمران خان نے پی ٹی آئی الیکشن ٹریبونل کے سابق رکن یوسف گبول اور پانچ دیگر رہنماؤں کی بنیادی رکنیت معطل کردی

جمعرات 18 جون 2015 08:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18 جون۔2015ء)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر پی ٹی آئی الیکشن ٹریبونل کے سابق رکن یوسف گبول اور پانچ دیگر رہنماؤں کی بنیادی رکنیت معطل کرتے ہوئے انہیں اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ مذکورہ رہنماؤں سے کہا گیا ہے کہ سات یوم میں وضاحت کریں کہ کیوں نہ آپ کی بنیادی رکنیت منسوخ کر دی جائے۔

الیکشن ٹریبونل کے رکن یوسف گبول کی بنیادی رکنیت بغیر اجازت میڈیا پر پارٹی کے اندرونی معاملات بیان کرنے اور سینئر پارٹی رہنماؤں کو بدنام کرنے کی کوششوں پر معطل کی گئی ہے جبکہ دیگر پانچ رہنماؤں سلیم جان ، زاہد حسین ، جہانگیر رحمن ، ریاض بشیر اور اعجاز منہاس کی رکنیت سٹینڈنگ کمیٹی آن اکاؤنٹیبلٹی اینڈ ڈسپلن (SCAD) کی تحلیل کے بعد خود ساختہ کمیٹی بنانے کی پاداش میں معطل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

شوکاز نوٹس کے مطابق سٹینڈنگ کمیٹی آن اکاؤنٹیبلٹی اینڈ ڈسپلن معینہ مدت کے لئے تشکیل دی گئی تھی جس میں صرف ایک مرتبہ ایک ماہ کی توسیع کی گئی اور 7 اپریل 2015ء کو اس کی تحلیل کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا مگر اس کے باوجود خود ساختہ کمیٹی بنا کر SCAD کے تسلسل کا تاثر دینے کی کوشش کی گئی اور اس کے غیر قانونی اجلاس بلا کر پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے خلاف فیصلے کئے گئے۔ یہ اقدام پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی ہے جس پر بنیادی رکنیت معطل کی جاتی ہے۔ اظہار وجوہ کے نوٹس میں تمام رہنماؤں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سات یوم میں وضاحت کریں کہ کیوں نہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر آپ کی بنیادی رکنیت منسوخ کر دی جائے۔