ایم کیو ایم فجر کے وقت بولتی ، ظہر کے وقت معافی مانگ لیتی ہے،خواجہ آصف ،پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس کی مخالفت کر کے یہ مزید مراعات لینا چاہتے ہیں،جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کیلئے خطے کے 4 سے 5 ملکوں نے خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 16 جون 2015 08:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔16 جون۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم فجر کے وقت بولتی ہے اور ظہر کے وقت معافی مانگ لیتی ہے پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس کی مخالفت کر کے یہ مزید مراعات لینا چاہتے ہیں ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پہلے پاکستان آرمی آرڈیننس 2015 کی حمایت کی تھی پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس کی مخالفت سیاسی بنیادوں پر کی گئی ۔

(جاری ہے)

شائد ایم کیو ایم آرڈیننس کی حمایت پر مزید مراعات لینا چاہتی ہے ایم کیو ایم کا پارلیمنٹ میں جارحانہ رویہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی ترمیمی آرڈیننس 2015 پر کسی سیاسی پارٹی نے اعتراض نہیں کیا پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں بھرپور کامیابی کے ساتھ اپنا کام تقریباً مکمل کر لیا ہے آپریشن کے بعد بھی ہمیں ان علاقوں میں سیکیورٹی رکھنی پڑے گی تاکہ دہشت گرد واپس نہ آ سکیں انہوں نے کہا کہ تشدد کا جو رویہ لوگوں کے ذہنوں میں ڈالا گیا ہے اس سوچ کو تعلیم کے ذریعے بھی ختم کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے لئے خطے کے 4 سے 5 ملکوں نے خریدنے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔