این جی اوز کی مشکوک سرگرمیاں: حکومت نے اہم اجلاس آئندہ ہفتے طلب کر لیا‘ امریکی این جی او پر پابندی ہٹانے پر بھی غور شروع

پیر 15 جون 2015 08:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 جون۔2015ءِ) حکومت نے مشکوک غیر سرکاری عالمی تنظیموں (آئی این جی اوز) کے بارے میں اہم اجلاس آئندہ ہفتے طلب کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی مین ”سیو دی چلڈرن“ نامی تنظیم پر پابندی کے بعد کچھ دیگر این جی اوز پر بھی انٹیلی جنس اداروں کی نظر ہے جن کا ماخذ امریکہ ہے۔ ایک وفاقی وزارت کے ورکنگ پیپر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ملک کی انٹیلی جنس ایجنسیاں اور دیگر سٹیک ہولڈرز بعض عالمی این جی اوز کے کام کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے آئے ہیں اور وزارت داخلہ کو اپنے تحفظات اور کنفیوژن سے آگاہ کرتی آئی ہیں۔

جس کے پاس کسی بھی ایجنسی کو بند کرنے کا اختیار حاصل ہے۔ رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومت آئی این جی اوز کو ریگولیٹ کرنے میں غور کر رہی ہے ایسے میں وزارت داخلہ میں اگلے ہفتے ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں وزارت خارجہ‘ مالیات‘ اقتصادی امور ڈویژن اور انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے اور معاملات کو درست کرنے کے لئے غور و خوض کریں گے جن دیگر این جی اوز کی سرگرمیوں کو شک کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے ان میں نیشنل دیموکریٹک انسٹی ٹیوٹ‘ کیتھولک ریلیف سروسز‘ انٹرنیشنل ریپبلک انسٹی ٹیوٹ‘ کریٹیو ایسوسی ایٹس انٹرنیشنل‘ انفارمیشن مینجمنٹ اینڈ مائن ایکشن پروگرام اور انٹرنیشنل فاؤنڈیشن فاؤنڈیشن آف الیکٹرورل سسٹم شامل ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹس میں قلیل اور طویل عرصے کے لئے کام کرنے والی این جی اوز کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ این جی اوز کو صحیح دھارے میں لانے کے لئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے زیر نگرانی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ دریں اثناء پاکستان ہیومینٹیرین فورم کی پالیسی اور کمیونیکیشن ایڈوائزر نرگس خان کا کہنا ہے کہ تمام عالمی این جی اوز پاکستان میں حکومت کی دعوت پر ریلیف اور انسانی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کو این جی اوز تمام صروری دستاویزات فراہم کرتی ہیں۔

دریں اثناء حکومت نے امریکہ اور بعض دیگر ممالک کے دباؤ پر این جی او ”سیو دی چلڈرن“ پر پابندی اٹھانے پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں وزارت داخلہ کے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بعض ممالک اور ڈونر ایجنسیوں سے تعلقات خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر ”سیو دی چلڈرن“ این جی او کے دفاتر دوبارہ کھولنے کی اجازت دیدی جائے گی۔

واضح رہے کہ اسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں ہلاکت کے بعد سیو دی چلڈرن حکومت کی نگرانی میں تھی۔ ادھر پاکستان میں بچون کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنے والی عالمی این جی او ”سیو دی چلڈرن“ کی بندش پر امریکہ نے بھی پاکستان کو وارننگ دی ہے کہ اس اقدام پر ہمیں تشویش ہے اور عالمی سطح پر منفی تاثر قائم ہو گا۔ ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان شفاف طریقہ کار وضع کرے گا کہ این جی اوز خدمات جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ غیر ملکی این جی اوز کی سرگرمیوں میں شفافیت اور قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنے کے پاکستانی مطالبات جائز ہیں انہیں تسلیم کرتے ہیں۔