دہشتگردوں کی موجودگی، وزیراعظم کو مری جانے سے روک دیا گیا،مری‘ پتریاٹہ‘ ایوبیہ، بھوربن میں ”را“ کے تربیت یافتہ دہشت گرد ہوسکتے ہیں، اہم شخصیات جانے سے گریز کریں،حساس اداروں کی رپورٹ،حساس اداروں نے ”را“ کے ایجنٹوں سے متعلق شواہد اکٹھے کرلئے ،عنقریب غیر ملکی ایجنٹوں کے خلاف آپریشن شروع کئے جانے کا امکان

پیر 15 جون 2015 08:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15 جون۔2015ءِ) مشہور سیاحتی مقام مری اور اس کے گرد و نواح میں ”را“ کے تربیت یافتہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات کے بعد وزیراعظم سمیت تمام اہم شخصیات کو ان مقامات پر جانے سے روک دیا گیا ہے۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق پاکستان کے حساس اداروں نے وزارت داخلہ اور وزیراعظم ہاؤس کو بھجوائی گئی اپنی رپورٹس میں انکشاف کیا ہے کہ مری‘ پتریاٹہ‘ ایوبیہ اور بھوربن میں ”را“ کے تربیت یافتہ دہشت گرد موجود ہوسکتے ہیں اس لئے وزیراعظم‘ وفاقی وزراء‘ وزیر اعلیٰ اور دیگر اہم شخصیات ان سیاحتی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔

ذرائع نے بتایا کہ حساس اداروں نے ”را“ کے ایجنٹوں سے متعلق کافی شواہد اکٹھے کرلئے ہیں اور عنقریب ان غیر ملکی تربیت یافتہ ایجنٹوں کے خلاف آپریشن شروع کئے جانے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ تربیت یافتہ دہشت گرد گلگت بلتستان‘ سوات اور دیگر سیاحتی مقامات پر بھی کارروائیویں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ پاکستان کے سکیورٹی ادارے ”را“ کی ان مذموم کارروائیوں کو روکنے کیلئے ایک موثر آپریشن جلد ہی شروع کردیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ان اطلاعات کے بعد کچھ عرصے سے مری نہیں گئے ہیں اور رمضان المبارک میں وزیراعظم کے دورہ مری کے امکانات انتہائی کم ہیں۔واضح راہے کہ وزیراعظم مری اور اس کے نواحی علاقوں کو بہت پسند کرتے ہیں اور فرصت ملتے ہی مری جانا ان کا معمول ہے۔

متعلقہ عنوان :