وفاقی وزیر داخلہ کی ایم کیو ایم کے آج سندھ میں ہڑتال کے اعلان کی مذمت ، پاکستان کی ترقی کراچی کے امن سے منسوب ، سیاسی و عوامی مسئلے کا حل ایوانوں میں موجود ہے ہڑتالیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ،ہمارا بڑا مقصد امن وامان کی بحالی اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے،غلط کام کرنے والوں پر ضرور ہاتھ ڈالیں گے، پاکستان ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، این جی اوز کے حوالے سے کل کے اجلاس میں تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا،چوہدری نثار کی میڈ یا سے گفتگو

اتوار 14 جون 2015 05:16

ٹیکسلا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14 جون۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ کے بجٹ کیخلاف آج (اتوار کو ) ہڑتال کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کراچی کے امن سے منسوب ہے سیاسی اور عوامی مسئلے کا حل ایوانوں میں موجود ہے ہڑتالیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔ این جی اوز کے حوالے سے کل پیر کو ہونے والے اجلاس میں تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا ۔

ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا این جی اوز کے ضمن میں تین کیٹگریز بنائی گئی ہیں ایک وہ این جی اوز جو اجازت لے کر کام کر رہی ہیں لیکن انہوں نے اپنا دائرہ کار بڑھایا ہوا ہے ان کو دائرہ کار میں لایا جائے گا، دوسری وہ جو اجازت کے بغیر کام کر رہی ہیں ان کو ریگولرائز کیا جائے گاجبکہ تیسری وہ ہیں جن کے بارے میں ایجنسیوں کی رپورٹس ہیں ان کیخلاف لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ این جی اوز پر ہماری نظر ہے پہلے مرحلے میں عالمی این جی اوز پر نظر رکھی جائے گی اور دوسرے مرحلے میں قومی این جی اوز کو ضابطے میں لائیں گے ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر مسئلے پر ہڑتال اور دھرنا نامناسب ہے سندھ میں ہڑتال کا ا علان قابل مذمت ہے ہر مسئلے کے حل کا بہترین فورم اسمبلیاں ہیں جہاں بات اور بحث سے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن ہوگا تو ملک ترقی کرے گا اور امن سے کراچی کے لوگوں کو فائدہ ہوگا ۔

ہڑتالوں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ تلخی بڑھتی ہے روزمرہ کی ہڑتالیں ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز وزارت داخلہ کے ماتحت ہے رینجرز نے جان کی بازی لگا کر کراچی میں امن قائم کیا اور پولیس سے مل کر سندھ میں اچھا کام کررہی ہے رینجرز کا کام چوکیداری نہیں امن کی بحالی میں رینجرز کا اہم کردار ہے ۔ ہمارا بڑا مقصد امن وامان کی بحالی ہے اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے انہوں نے کہا کہ غلط کام کرنے والوں پر ضرور ہاتھ ڈالیں گے ۔

ڈی جی رینجرز نے ایک سال کے تجربے پر رپورٹ پیش کی امید ہے کہ سندھ حکومت کی رپورٹ پر عملدرآمد کرے گی انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ایم کیو ایم کوخود سوچنا چاہیے کہ ہڑتالوں کی کال دے کر دیہاڑی داروں کی مزدوری پر لاٹ نہ مارے ایک سوال پر کہا کہ این جی اوز کے حوالے سے کل پیر اجلاس طلب کیا ہے جس میں تمام امور کا جائزہ لیا جائے گا ۔

بھارتی قیادت کے بیانات کے حوالے سے سوال پر جواب دیتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہے، آج سول ملٹری اور عوام متحد ہیں۔جنرل حمید گل کے بیان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے ، میں حیران ہوں کہ ایسے سمجھدار آدمی نے ایسا بیان کیسے دیا۔نادرا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ماضی میں جنہوں نے غلط شناختی کارڈ جاری کئے انہوں نے ملک کے مفاد کیخلاف کام کیا، ایسے سینکٹروں بلکہ ہزاروں کارڈ بلاک کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذمہ داران کیخلاف کاروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔