متحدہ کے رہنماعامر خان سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے،عامر خان کو سخت سیکورٹی میں سندھ ہائی کورٹ کے عقبی دروازے سے عدالت میں پیش کیا گیا

ہفتہ 6 جون 2015 09:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6 جون۔2015ء) کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماعامر خان کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے جرائم پیشہ افراد کو پناہ دینے اور ان کی مالی معاونت کرنے کے الزام میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماؤں عامر خان کو 7 روزہ ریمانڈ پر عزیزآباد انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

عامر خان کو سخت سیکورٹی میں سندھ ہائی کورٹ کے عقبی دروازے سے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تفتیشی افسر محسن زیدی نے عدالت کو بتایا کہ عامر خان کو رینجرز نے 10 مارچ کو نائن زیرو سے چھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا۔ رینجرز کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے عامر خان نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے جرائم پیشہ افراد کو نائن زیرو پر پناہ دے رکھی تھی اور ان کی مالی معاونت بھی کرتا تھا جبکہ جرائم پیشہ افراد پر مشتمل سیل کا بھی وہ انچارج ہے چونکہ ملزم کے خلاف گزشتہ روز ہی مقدمہ درج کیا گیا ہے لہذا عدالت ملزم سے مزید تفتیش کیلئے 14 روزہ ریمانڈ دے جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو 7 دن کا ریمانڈ دے دیا۔

(جاری ہے)

عامر خان کی پیشی کے موقع پر متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ عامر خان بھی پیشی کے موقع پر ہشاش بشاش نظر آرہے تھے۔

متعلقہ عنوان :