سندھ میں بلدیاتی انتخابات اس سال ستمبر میں منعقد ہوں گے،نثار احمد کھوڑو ،ہر ممکن کوشش کریں گے انتخابات صاف شفاف اور پُر امن ماحول میں منعقد ہوں،سینئر صوبائی وزیر تعلیم

جمعہ 5 جون 2015 08:23

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جون۔2015ء) سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات اس سال ستمبر میں منعقد ہوں گے اور ہم ہر ممکن کوشش کریں گے انتخابات صاف شفاف اور پُر امن ماحول میں منعقد ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں حالیہ بلدیاتی انتخابات ملک کی تاریخ کے ناکام ترین انتخابات تھے جس میں کئی لوگوں کی جانیں ضایع ہوئیں اور لوگ بیلٹ بوکس اور بیلٹ پیپر زاٹھا کر لے گئے اور خواتین کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ کے بلدیاتی انتخابات میں عمران خان کے صاف شفاف انتخابات منعقد کرانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے اور عوام نے اتنی زیادہ بد نظمی کسی اور انتخابات میں نہیں دیکھی۔

(جاری ہے)

وہ آج سابقہ ناظم سیکریٹریٹ حیدرآباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ بلدیاتی انتخابات ایک دن کے بجائے مختلف دنوں میں منعقد کروانے سے متعلق سوال کے جواب میں سینیر صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میں عام انتخابات میں صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی کے انتخابات دو علیحدہ دنوں میں کرائے جاتے تھے جس سے ایک الیکشن کا اثر دوسرے الیکشن پر ہوتا تھا اس لیے پی پی پی نے کوشش کر کے عام انتخابات ایک ہی روز میں منعقد کرائے جانے کو یقینی بنایا اوراس ضمن میں بلدیاتی انتخابات ایک یا ایک سے زیادہ دنوں میں منعقدہ کرانے کا فیصلہ تاحال نہیں کیاگیا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ کے 145 ارب روپے کے بجٹ میں سے اب تک 110 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں جو کہ پچھلے سال کی نسبت بہتر ہے اور کہا کہ ہم ترقیاتی اسکیمیں بجٹ کے جاری کیے جانے کو دیکھتے ہوئے بناتے ہیں تاکہ اسکیمیں کسی بھی قسم کے تعطل کا شکار نہ ہوں۔ این ایف سی ایوارڈ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے بڑی جدوجہد کے بعد این ایف سی ایوارڈ متفقہ طور پر منظور کروایا تھا اور قانون کے مطابق این ایف سی ایوارڈ ہر پانچ سال بعد دیا جانا چاہیے اور اس لحاظ 2015 میں وفاقی حکومت کو اس کا اعلان کرنا ہے ۔

گورنر سندھ کے استعفیٰ سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ مرضی کے مالک ہیں اگر وہ استعفیٰ دیں تو یہ ان کا ذاتی عمل ہے اور اسے قبول کرنا یا نہ کرنا وفاق کا معاملہ ہے ۔ محکمہ تعلیم سندھ میں بد عنوانی سے متعلق سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ انسپیکشن ٹیمیں اس ضمن میں کام کر رہی ہیں اور کئی افسران و اساتذہ کو معطل بھی کیاگیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کرپشن بالخصوص محکمہ تعلیم میں کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ نے کا عزم کیے ہوئے ہیں اور کہا کہ پیشگی اجازت لیے بغیر ایک روز کی چھٹی کرنے والے اساتذہ کو بھی انہوں نے معطل کیا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اسکولوں کو نیشنلائیزڈ کیاتھا تاکہ طبقاتی نظام کا خاتمہ کر کے سب بچوں کو مساوی تعلیم فراہم کی جاسکے ۔

انہو ں نے کہا کہ 5 سال سے 16 سال تک کی عمر کے بچوں کو مفت تعلیم ، کتابیں فراہم کی جارہی ہیں اور اس کے علاوہ اساتذہ کو ٹائم اسکیل ترقی دی گئی ہے تاکہ وہ بہتر طریقے سے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو تعلیم فراہم کریں انہوں نے کہا کہ اب یہ والدین کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اسکولوں میں داخل کروائیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی کوشش ہے کہ لڑکیوں کو زیادہ سے زیادہ زیور تعلیم سے آراستہ کیا جائے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے چھٹی جماعت سے دسویں جماعت تک لڑکیوں کو ماہانہ وظیفہ بھی شفاف طریقے سے دیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر امان اللہ سیال ، آفتاب خانزادہ اور دیگر پی پی پی رہنما بھی موجود تھے ۔