دشمنوں کو ترقی ہضم نہیں ہورہی،3سال میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے،نواز شریف،پاک چین راہداری منصوبے ،نیشنل ایکشن پلان پر قومی قیادت نے اتفاق کا مظاہرہ کیا، پاکستان میں ترقی جمہوری اورجنگیں آمریت کے دور میں ہوئیں ،کراچی میں امن آرہا ہے،ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے رہیں گے،مستونگ کا واقعہ بھی بدترین بزدلانہ کارروائی ہے،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،ساڑھے پانچ روپے بجلی سستی کی مزید سستی کرینگے،کراچی کے عوام کو گرین میٹرو بس کا منصوبہ تحفے میں دیں گے،پرویز خٹک کہیں تو پشاور میں بھی میٹرو بس منصوبہ بنا کر دیں گے،حنیف عباسی جیت جاتے تو ہیلی کاپٹر سروس شروع کرا دیتے،منصوبے پر حیران نہ ہوں یہ بدلتا پاکستان ہے،شہباز شریف بھی اپنے اشعار بدل لیں،میٹروبس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 5 جون 2015 08:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5 جون۔2015ء)وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ جیتیں گے،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،پاکستان کے دشمنوں کو ہماری ترقی ہضم نہیں ہورہی،3سال میں پاکستان سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ا کا خاتمہ کردیں گے،ساڑھے پانچروپے بجلی سستی کی مزید سستی کرینگے،کراچی کے عوام کو گرین میٹرو بس کا منصوبہ تحفے میں دیں گے،پرویز خٹک بھی کہیں تو پشاور میں بھی میٹرو بس منصوبہ بنا کر دیں گے۔

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے باسیوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ حنیف عباسی اور شکیل اعوان کا کیا قصور تھا کہ وہ الیکشن میں ہار گئے،ہارے ہوئے حنیف عباسی اور شکیل اعوان نے راولپنڈی کی عوام کو میٹرو کا منصوبہ دیا،اگر حنیف عباسی جیت جاتے تو وہ ہیلی کاپٹر سروس شروع کرا دیتے،میٹرو بس کا مارچ2014ء میں سنگ بنیاد رکھا اور مختصر عرصے میں یہ منصوبہ مکمل ہوا،اس منصوبے کے درمیان رکاوٹیں بھی آئیں لیکن پھر بھی منصوبہ مکمل ہوگیا،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں منصوبوں پر برسوں لگ جاتے ہیں10ارب روپے کے منصوبے 50ارب روپے پر جاکر ختم ہوتے ہیں،منصوبہ دیکھنے والے حیران نہ ہوں یہ بدلتا پاکستان ہے،پاکستان بدل رہا ہے،شہباز شریف کو بھی کہتا ہوں کہ وہ اپنے اشعار بدل لیں کیونکہ اب ان کے اشعار پرانے ہوچکے ہیں،بدلتے پاکستان میں نئے اشعار لیکر آئیں،شہباز شریف نیا پنجاب بنا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ میٹرو بس منصوبے سے طلباء،اساتذہ،سرکاری ملازمین مستفید ہوں گے،طلباء بسوں کے ساتھ لٹک کر سکولوں اور کالجوں میں جاتے تھے،اب انہیں کم خرچے اور آسان طریقے سے سکولوں تک رسائی حاصل ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ میٹرو منصوبے کو تفریح کے لئے بھی استعمال کریں گے،میٹرو بس کا اثر عام آدمی کے بجٹ پر بھی ہوگا،منصوبے سے مری روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ میٹرو منصوبہ شفاف طریقے سے مکمل ہوا کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا،شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،پاکستان کے وسائل عوام کی امانت ہیں اس میں خیانت نہیں ہونی چاہئے،عوامی وسائل عوام پر ہی خرچ ہوں گے۔

کراچی میں بھی گرین لائن میٹرو بس وفاقی حکومت شروع کرنے والی ہے جو کراچی کی عوام کیلئے تحفہ ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے منصوبے بھی شروع کر رہے ہیں،ہماری حکومت کو پانچ جون کو دو سال مکمل ہوجائیں گے اور اگلے تین سالوں میں بجلی کی قلت ختم کردیں گے،تیل کی قیمتوں میں بھی کمی کا فائدہ عوام کو پہنچا ہے،بجلی کی قیمت میں ساڑھے پانچ روپے فی یونٹ کمی کی ہے اور اسے مزید کم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین راہداری منصوبے پر تمام سیاسی قیادت نے اتفاق کیا جس پر میں شکر گزار ہوں،نیشنل ایکشن پلان پر قومی قیادت نے اتفاق کا مظاہرہ کیا،پاکستان میں ترقی جمہوری دور میں ہوئی۔جنگیں آمریت کے دور میں ہوئیں جمہوریت کے دور میں نہیں۔جمہوریت کو چلنے دیا جائے تو جمہوریت ڈلیور کر سکتی ہے،دہشتگردی کیخلاف فیصلہ کن جنگ کا آغاز کیا ہے،ملک کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،دہشتگردوں کے خلاف جنگ جیتیں گے،کراچی میں بھتہ خوری،اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں کمی آئی ہے،کراچی میں تیزی سے امن آرہا ہے،ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے رہیں گے،دہشتگرد بزدل لوگ ہیں کہیں نہ کہیں وہ بزدلانہ کارروائی کردیتے ہیں،مستونگ کا واقعہ بھی بدترین بزدلانہ کارروائی ہے،وزیراعظم نے کہا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،حکومت ہر محاذ پر چیلنج سے نمٹ رہی ہے،ہزارہ موٹروے پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 3600میگاواٹ بجلی کے منصوبے شروع کر رہے ہیں،بجلی کی ضروریات اگلے تین سالوں میں پوری کرلیں گے،اس وقت ساڑھے4ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی ہے،اگلے سالوں میں مزید ضروریات بڑھے گی،تاہم اگلے تین سالوں میں ساڑھے10ہزار میگاواٹ بجلی پیداکریں گے جس سے ہماری ضروریات پوری ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں کو ہماری ترقی ہضم نہیں ہورہی،اللہ تعالیٰ پاکستان کو نظربد سے بچائے ماشاء اللہ کہا کریں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کہیں تو پشاور میں بھی میٹرو بس منصوبہ بنا کر دیں گے،پاکستان ہمارا ہے،بلوچستان کے وزیراعلیٰ اچھا کام کر رہے ہیں،صوبے میں ترقی کا عمل شروع ہے،بلوچستان کے حالات یکسر بدل رہے ہیں،اس موقع پر وزیراعظم نے میٹرو منصوبے میں کام کرنے والے مزدوروں کیلئے5کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے