کراچی پولیس کی زیر حراست سیاسی جماعت کا رکن جاں بحق ، وسیم عرف پھوپھا عرف ابا بلدیہ ٹاؤن یونٹ 117کا کارکن تھا ،ایم کیو ایم کا دو روزہ سوگ کا اعلا ن ، ایس ایچ او معطل ، انویسٹی گیشن پولیس کے سب انسپکٹر اور 3 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع

جمعرات 4 جون 2015 08:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جون۔2015ء) کراچی پولیس حراست میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے ، متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان کے مطابق غیر قانونی اسلحہ کے الزام میں زیر حراست ہلاک ہونے والا وسیم عرف پھوپھا عرف ابا بلدیہ ٹاؤن یونٹ 117کا کارکن تھا جسے پولیس حراست میں قتل کردیا گیا ہے ، متحدہ قومی موومنٹ نے کارکن کی ہلاکت پر دو روزہ یوم سوگ کا اعلان کیا ہے ، کارکن کی ہلاکت کی اطلاع ملتے ہی ملزم کے اہل خانہ اور ایم کیو ایم کے کارکنان کی بڑی تعداد جناح اسپتال پہنچ گئی تھی اوراحتجاج کرتے ہوئے جناح اسپتال روڈ کو بلاک کر دیا تھا ، لواحقین نے شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا ، وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ ایس ایچ او کو معطل کرکے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی پولیس اسٹیشن میں بدھ کی صبح پولیس حراست میں ایک ملزم وسیم جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال لایا گیا جہاں مقتول کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اور اس کے ساتھ 2 افراد نعیم اور عادل کو عزیز بھٹی پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیا تھا جہاں پولیس تشدد سے وسیم جاں بحق ہوگیا۔

لہذا ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے ایڈیشنل آئی جی سندھ کی ہدایات پر ایس ایچ او عزیز بھٹی کو معطل کرکے انویسٹی گیشن پولیس کے سب انسپکٹر اور 3 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔پولیس حراست میں مبینہ تشدد سے کارکن کی ہلاکت پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے دو روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ایم کیو ایم کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق عوام دو روز کے لیے کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بدھ اور جمعرات کو کاروبار بند رکھنے کا بیان جاری کیا ہے۔خیال رہے کہ ایم کیو ایم کا کارکن وسیم عزیز بھٹی تھانے میں پولیس کی حراست میں تھا، ملزم کے اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ وسیم پولیس کے تشدد سے ہلاک ہوا۔محمد وسیم ایم کیو ایم کے بلدیہ ٹاوٴن سیکٹر میں یونٹ 117 کا کارکن تھا۔پولیس کی تحویل میں ہلاک ہونے والے ملزم محمد وسیم عرف پھوپھا کوبلدیہ سے اس کے دوبھائیوں نعیم اور عادل کے ہمراہ گزشتہ شب گرفتار کیا گیا تھا۔

مگر لواحقین کے احتجاج کے بعد پولیس نے عدنان اور نعیم کو رہا کر دیا۔نوجوان وسیم کے مشتعل ورثا جناح اسپتال کے مردہ خانے کے باہر پولیس تشدد کیخلاف احتجاج کررہے تھے کہ انکی پولیس سے جھڑپ بھی ہوئی۔اس دوران جناح اسپتال سے ایک مسلح شخص کو حراست میں لے لیا گیاہے جس کے پاس سے کلاشکوف بھی برآمد ہوئی ہے۔ ملزم وسیم کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔

ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزم وسیم کی ہلاکت سر پر چوٹ لگنے سے ہوئی ہے۔ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے عزیز بھٹی تھانے کے ایس ایچ او مسعود رزاق کو معطل کر دیا جبکہ تفتیش کرنے والی ٹیم کو بھی حراست میں لے لیا۔ڈی آئی جی ایسٹ نے ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ کو تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے۔پیر محمد شاہ کے مطابق تحقیقات کرنے والے 4 پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیا گیا ہے۔