سندھ میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں فوری شروع کردی جائیں،پی پی کی مرکزی قیادت کی سندھ و ضلعی قیادت کو ہدایت ، بھرپور انداز میں عوامی رابطہ مہم چلائی جائے، عوامی رابطہ مہم کیلئے کمیٹیاں قائم کی جائیں گی، ہر بڑے ضلع میں بڑا عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا ، مرکزی اور صوبائی قیادت خطاب کرے گی،پارٹی ارکان سندھ اسمبلی اور ضلعی صدور وعہدیداروں کے اجلاس میں فیصلہ

جمعرات 4 جون 2015 08:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جون۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے پارٹی کی سندھ اور ضلعی قیادت کو ہدایت کی ہے کہ سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں فوری شروع کردی جائیں اور بھرپور انداز میں عوامی رابطہ مہم چلائی جائے۔ صوبائی قیادت کی مشاورت سے ضلعی سطح پر عوامی رابطہ مہم کے لئے کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔

یہ کمیٹیاں عوامی اجتماعات اور کارنر میٹنگز کے انعقاد کی تیاریاں کریں گی اور ہر بڑے ضلع میں بڑا عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا جس سے پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت خطاب کرے گی۔ صوبائی وزراء اور ارکان سندھ اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں شیڈول کے مطابق پارٹی دفاتر میں بیٹھیں اور کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے تا کہ عوام کے مسائل کو موٴثر انداز میں حل کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ بدھ کو بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی اور ضلعی صدور وعہدیداروں کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور، صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی اور ضلعی عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں، پارٹی کی تنظیم نو اور آئندہ مالی سال کے بجٹ اور صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی غور وخوض کیا گیا۔ پارٹی کے ضلعی صدور نے مرکزی قیادت کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں، اپنے حلقوں کے مسائل اور پارٹی کے تنظیمی امور سے آگاہ کیا جبکہ صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی نے مختصراً جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے کے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں سے پارٹی کی مرکزی قیادت کو آگاہ کیا اور کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی بجٹ ہوگا جس میں امن وامان، تعلیم، صحت، زراعت، پانی کے منصوبوں، امن وامان، توانائی اور دیگر شعبوں کے لئے خطیر رقم مختص کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت جماعت ہے۔

پارٹی عہدیدار اور کارکنان سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے وارڈز سے لے کر ضلعی سطح تک عوامی رابطہ مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود انتخابی مہم کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے تمام صوبائی وزراء اور ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ عوام سے رابطے میں رہیں۔ انہوں نے حکومت کو بھی ہدایت کی کہ عوامی ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کئے جائیں اور عوام سے رابطے کے لئے میکنزم تشکیل دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی اور پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے ویژن کے مطابق عوام کی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ اس موقع پر پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ ملک کے مسائل کا حل صرف جمہوری نظام میں ہے۔ شہید بی بی نے جمہوریت کی بقاء کے لئے جو پودا لگایا تھا آج وہ تناور درخت بن چکا ہے۔

پیپلز پارٹی جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے اپنی پالیسیوں اور مفاہمتی پالیسی کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے تمام پارٹی عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ کارکنان سے رابطے میں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ عوامی رابطہ مہم کی تیاریاں فوری شروع کردی جائیں گی اور بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹ میرٹ اور انٹرویو کے بعد ضلعی اور صوبائی سلیکشن بورڈ کی سفارش پر جاری کئے جائیں گے۔