خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی کرانے کو بھی تیار ہیں ،عمران خان ، جو کوئی بھی حلقہ کھووانا چاہتے ہیں ہم تیار ہیں،مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی مک مکا کے تحت ملک پر حکمرانی کررہے ہیں ،خیبرپختونخواہ میں سب سے زیادہ زور تعلیم پر دیا ہے،چلاس میں جلسے سے خطاب

جمعرات 4 جون 2015 08:47

چلاس (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4 جون۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان خان نے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو ایک عظیم لیڈر تھے، لیکن آصف علی زرداری کیا ہیں؟، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی مک مکا کے تحت ملک پر حکمرانی کررہے ہیں ،خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کو بھی تیار ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چلاس میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کو الله تعالیٰ نے بے حد قدرتی وسائل سے نوازا ہے ۔ گلگت بلتستان میں تعلیمی شرح بہت کم ہے کیونکہ تعلیمی وسائل موجود نہیں ہیں ۔ بغیر تعلیم کے کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں سب سے زیادہ زور تعلیم پر دیا ہے پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ بجٹ خیبرپختونخواہ حکومت نے شعبہ تعلیم کو دیا ہے۔

(جاری ہے)

مسلمانوں نے 700 سال تک حکمرانی تعلیم کی بدولت کی ۔ عمران خان نے کہا کہ کہتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے ہم دھاندلی کے ذمہ دار نہیں ہیں لیکن دوبارہ الیکشن کیلئے تیار ہیں فوج کی نگرانی میں بھی کرانے کو تیار ہیں۔ 2013 ء میں تمام سیاسی جماعتوں نے الیکشن میں دھاندلی کی آواز اٹھائی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی نشاندہی کی ا لیکشن کمیشن اس کا ازالہ کرے جبکہ ہم نواز شریف کو کہتے ہیں کہ فلاں حلقے کھولے وہ کھولنے کو تیار نہیں۔

ہم کہتے ہیں جو کوئی بھی حلقہ کھووانا چاہتے ہیں ہم تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دو سیاسی جماعتوں نے چار دہائیوں سے ملک پر حکمرانی کی ہے انہوں نے عوام کو نہ روٹی ‘ علاج ‘ تعلیم نہ دی۔ اگلی بار کیا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی آگئی ہے، اصل تبدیلی مقامی حکومت کی بدولت آئے گی چلاس کے لو گ ووٹ دیں اور اپنے حقوق حاصل کریں۔