بلدیاتی انتخابات ، پنجاب کی نئی حلقہ بندیاں طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل نہ کی جا سکیں،الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں آویزاں کرنے کی مدت میں دوسری بار توسیع کردی

منگل 2 جون 2015 09:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جون۔2015ء) بلدیاتی انتخابات کے لئے پنجاب کی نئی حلقہ بندیاں طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل نہ کی جا سکیں ،الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں آویزاں کرنے کی مدت میں دوسری بار توسیع کردی۔ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

جاری شدہ شیڈول کے مطابق الیکشن کمیشن پنجاب نئی حلقہ بندیوں کا کام مکمل کرنے میں دوسری بار ناکام دکھائی دے رہا ہے جسکی بناء پر نئی حلقہ بندیوں کی مدت میں توسیع کا دوسرا نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے۔

دوسرے ترمیمی نوٹیفیکیشن کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کی مدت میں دس یوم کی توسیع کر دی گئی ہے ،نئے شیڈول کے مطابق گیارہ جون کو نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔بارہ سے پچیس جون تک اعتراضات جمع کرائے جا سکیں گے ،تیس جون تک اعتراضات کے فیصلے کئے جائیں گے اور اٹھائیس جون کو نئی حلقہ بندیون کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔