خیبر پختونخوا، بلدیاتی انتخابات میں امن وامان کی ذمہ دار صوبائی حکومت تھی،الیکشن کمیشن،بلدیاتی انتخابات کو کئی حصوں میں کرانے کی تجویز خیبر پختونخوا حکومت نے مسترد کردی تھی،ترجمان

منگل 2 جون 2015 09:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2 جون۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں امن وامان کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر نہیں بلکہ صوبائی حکومت پر عائد ہوتی ہے ، بلدیاتی انتخابات کو کئی حصوں میں کرانے کی تجویز خیبر پختونخوا حکومت نے مسترد کردی تھی ترجمان کے مطابق خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دن امن وامان کی ناقص صورتحال کا ذمہ دار الیکشن کمیشن کو ٹھہرایا جارہا ہے وضاحت کی جاتی ہے کہ امن وامان کی تمام ترذمہ داری خیبر پختونخواہ حکومت پر عائد ہوتی ہے الیکشن کمیشن کے امن وامان کیلئے اضافی فورس کی فراہمی کیلئے وزارت داخلہ اور جی ایچ کیو سے رابطہ کیا تھا ترجمان کے مطابق کے پی کے میں بلدیاتی انتخابات ایک ہی دن کرانے کی تجویز الیکشن کمیشن کی نہیں بلکہ الیکشن کمیشن نے کے پی حکومت کو صوبے کی صورتحال اور پولنگ کیلئے بہت بڑی تعداد میں پولنگ سٹاف کی ضروریات کے پیش نظر یہ تجویز دی تھی کہ الیکشن ایک دن کی بجائے مختلف حصوں میں کرائے جائیں مگر کے پی حکومت کا اصرار تھا کہ انتخابات ایک دن میں کرائے جائیں ترجمان کے مطابق اس سے قبل 2001ء اور 2005ء میں بلدیاتی انتخابات کئی فیز میں کرائے گئے تھے ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن جہاں بھی قانون کی خلاف ورزی ہو فوری اقدامات کرتا ہے ۔