اردو میں ہیلتھ وارننگ کے بغیر والی سگریٹ کی ڈبی فروخت کرنا غیر قانونی قرار،سگریٹ بنانے والی کمپنیوں ،‘ ہول سیلرز کوبھاری جرمانہ اور دو سال قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکیں گی

پیر 1 جون 2015 08:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2015ء)حکومت نے سگریٹ کی ڈبی پر ”اردو میں ہیلتھ وارننگ“ پرنٹ نہ کروانے والی کمپنیوں ، ہول سیلرز کوبھاری جرمانہ اور دو سال قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دینے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو پاکستان نے تمام سگریٹ بنانے والی کمپنیوں ،دکانداروں ،ہول سیلرز،سٹاکسٹ کو وارننگ جاری کی ہے کہ” اردو میں ہیلتھ وارننگ“ کے بغیر سگریٹ کی ڈبی فروخت کرنا غیر قانونی ہے۔

جعلی اور سمگل شدہ غیر ڈیوٹی شدہ سگریٹ کی ملکیت اور خرید و فروخت کرنا بھی جرم ہے۔تاہم اگر کوئی شخص ان ہدایات کی روشنی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا تو اسے بھاری جرمانہ اور دو سال قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکیں گی۔