خطے میں بالادستی کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا، پاکستان نے جوہری طاقت حاصل کرکے ہندوستان کے خوابوں کو چکنا چور کردیا،بھارت کی پاکستان مخالف سازشوں کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کریں گے،سرحد پار مسلمانوں کی بدحالی دیکھ کر پاکستان کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ،پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو سبوتاژکرنے کیلئے سازشیں شروع کردی گئی ہیں ، دشمن کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے، وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ و قومی سلامتی امور سرتاج عزیزکا نظریہ پاکستان کونسل کے اجتماع سے خطاب

پیر 1 جون 2015 08:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2015ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ و قومی سلامتی امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ خطے میں بالادستی کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا، پاکستان نے جوہری طاقت کو حاصل کرکے ہندوستان کے خوابوں کو چکنا چور کیا،بھارت کی پاکستان مخالف سازشوں کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کریں گے،سرحد پار مسلمانوں کی بدحالی دیکھ کر پاکستان کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ۔

وہ اتوار کو نظریہ پاکستان کونسل کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت کی دشمنی کے باوجود پاکستان نے ترقی کی، نظریہ پاکستان پر عملدرآمد کر کے دہشت گردی کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، قومی یکجہتی سے پاکستان کی ترقی و استحکام ممکن ہے، نظریہ پاکستان کا تحفظ اور سرحدوں کی حفاظت قومی یکجہتی سے ہی ممکن ہے، پاکستان جمہوریت عمل کے ذریعے وجود میں آیا اور یہ ہمیشہ قائم رہے گا، پاکستان کے ایٹمی قوت بننے سے بھارتی عزائم خاک میں مل گئے۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کی مخالفت کے لیے پاکستان چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو سبوتاژکرنے کے لیے سازشیں شروع کردی گئی ہیں مگر یہ واضح ہے کہ دشمن کے مذموم مقاصد کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان خطے پر اپنے غلبے کا خواہشمند ہے جس کی اجازت اسے نہیں دی جائے گی۔ان کے بقول اقتصادی خوشحالی اور خودکفالت مضبوط ملکی دفاع کے لیے ضروری ہے۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور پورے خطے کا مستقبل پاک چین اقتصادی راہداری کی تکمیل سے جڑا ہوا ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان انتہا پسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف نظریاتی جنگ لڑ رہا ہے جو ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں بالادستی کا بھارتی خواب کبھی پورا نہیں ہو گا، پاکستان نے جوہری طاقت کو حاصل کرکے ہندوستان کے خوابوں کو چکنا چور کیا،بھارت کی پاکستان مخالف سازشوں کو بین الاقوامی سطح پر بے نقاب کریں گے،سرحد پار مسلمانوں کی بدحالی دیکھ کر پاکستان کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ۔