نامعلوم افراد کی فائرنگ سے حکومتی جماعت کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شمشاد احمد بیٹے اور ساتھی سمیت قتل ،بھتیجا اور گارڈ زخمی،نا معلوم مسلح افراد نے رکن اسمبلی کو بیٹے ،بھتیجے اور ساتھی کے ہمراہ راجہ بلھے میں واقع اپنے فارم ہاؤس سے واپس آتے ہوئے نشانہ بنایا،چوہدری شمشاد ،ان کا بیٹا چوہدری شہباز اور ساتھی شاکر موقع پر ہی دم توڑ گئے ،بھتیجے علی وکیل اور گارڈ عامر کو ہسپتال داخل کر ادیا گیا ،لاہور منتقل،وزیر اعظم کا سوگوار خاندان سے اظہا رتعزیت،واقعہ کی جامع تحقیقات کر کے مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے ‘ صوبائی حکومت کو احکامات، وزیر اعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر لی،ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے اقدامات کئے جائیں‘ شہباز شریف ،رکن اسمبلی کے قتل کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے گا،ملزمان قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے‘وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان،گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، سراج الحق،لیاقت بلوچ، محمود الرشید ، رکن اسمبلی حمزہ شہباز شریف ،صوبائی وزراء کی طرف سے چوہدری شمشاد کی بیٹے اور ساتھی سمیت قتل کی مذمت

پیر 1 جون 2015 08:36

گوجرانوالہ/لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1 جون۔2015ء)ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل کامونکی میں نامعلوم افراد نے اندھادھند فائرنگ کر کے حکومتی جماعت کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شمشاد احمد خان کو بیٹے اور ساتھی سمیت قتل جبکہ بھتیجے اور گارڈ کو زخمی کر دیا،رکن اسمبلی اپنے بیٹے چوہدری شہباز احمد خان ،بھتیجے علی وکیل ،ساتھی شاکر اور گارڈ عامر کے ہمراہ راجہ بلھے میں واقع اپنے فارم ہاؤس سے واپس آرہے تھے کہ نا معلوم ملزمان نے انکی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی ، وزیر اعظم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کر یک مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سے رپورٹ طلب کر تے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکاما ت جاری کر دئیے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ کے صوبا ئی حلقہ پی پی 100سے مسلم لیگ (ن) کی نشست پر کامیاب ہونے والے چوہدری شمشاد احمد خان اپنے بیٹے چوہدری شہباز احمد خان ، بھتیجے علی وکیل ،ساتھی شاکر اور گارڈ عامر کے ہمراہ گوجرنوالہ کی تحصیل کامونکی کے علاقے راجہ بلھے میں واقع اپنے فارم ہاؤس سے واپس آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے انکی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رانا شمشاد ،انکا بیٹا شہباز اور ساتھی شاکر موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ گولیاں لگنے سے بھتیجا علی وکیل او رگارڈ شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول ایم پی اے کے بھتیجے کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

پولیس کے مطابق رانا شمشاد اپنے بیٹے ،بھتیجے ،ایک ساتھی اور گارڈ کے ہمراہ اپنے فارم ہاؤس سے واپس آرہے تھے کہ راجہ بلھے کے علاقے میں نامعلوم کار سواروں نے ان کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کی جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرارہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ شواہد اکٹھے کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے ۔

رکن اسمبلی کی بیٹے اور ساتھی سمیت قتل کی اطلاع ملنے پر(ن) لیگ کے کارکنوں،مقتولین کے عزیز و اقارب اور سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد ہسپتال اور انکی رہائشگاہ پہنچ گئی ۔ گوجرانوالہ کے سرکاری ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نواز ش کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں افراد کو سر اور جسم کے دیگر حصوں میں گولیاں لگیں جبکہ زخمی علی وکیل کو بھی سر اور جسم کے دیگر حصوں میں جبکہ گارڈ عامر کو پیروں میں گولیاں لگی ہیں جنہیں مزید طبی امداد کے لئے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے ۔

وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی جامع تحقیقات کی جائیں او رمجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے گوجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے چوہدری شمشاد احمد خان کی بیٹے اور ساتھی سمیت قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتارکر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ۔وزیراعلیٰ نے واقعہ پر گہر ے دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قتل کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ۔پولیس فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو فی الفور قانون کے کٹہرے میں لائے۔

صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ چوہدری شمشاد احمد خان کے قتل کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے گا اور واقعہ کے ملزمان قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے گوجرانوالہ سے مسلم لیگ(ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری شمشاد احمد خان کے بیٹے اور ساتھی سمیت قتل پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

گورنر پنجاب نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق ، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر نے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شمشاد احمد خان کی بیٹے اور ساتھی سمیت قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مقتولین کے لیے دعائے مغفرت اور غمزدہ خاندان سے گہری ہمدری اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، صوبائی وزراء رانا ثنا اللہ خان ،حکومت کے ترجمان زعیم حسین قادری ،ملک ندیم کامران، کرنل (ر) شجاع خانزادہ ،خلیل طاہر سندھو، ملک تنویر اسلم، ڈاکٹر فرخ جاوید،میاں محمد عطا مانیکا،ملک آصف بھا،ذکیہ شاہنواز، حمیدہ وحید الدین سمیت دیگر نے بھی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے بھی گوجرانوالہ کے قصبے کامونکی میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شمشاد احمد خان انکے بیٹے اور ساتھی کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔