چیرمین نادرا حکومتی دباؤ کی وجہ سے باہر گئے ہیں،عمران خان

اتوار 31 مئی 2015 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نادرا چیئرمین کی الیکشن ٹربیونل میں پیشی کی بجائے بیرون ملک روانگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے ،چیرمین نادرا حکومتی دباؤ کی وجہ سے باہر گئے ہیں ، این اے 122کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کی کارروائی میں شرکت کی بجائے دو ہفتوں کیلئے بیرون ملک روانگی دھاندلی کی تحقیقات میں رکاؤٹ کے مترادف ہے ۔

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین نادرا کا این اے 122کی سماعت کرنے والے ٹربیونل میں پیشی کی بجائے دو ہفتوں کیلئے ملک سے باہر جانا حیرت اور تشویش کا باعث ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چیئرمین نادرا کو الیکشن ٹربیونل کے روبرو پیش ہونا تھا تاہم آخری لمحے پر بتایا گیا کہ نادرا کے سربراہ سرکاری دورے پربیرون ملک جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق یوں محسوس ہوتا ہے کہ نادرا کے چیئرمین پر حکومتی دباؤ ہے۔ اپنے بیان میں نادرا کی جانب سے این اے 122کے حوالے سے جمع کروائی گئی ضمنی رپورٹ پر بھی انتہائی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ نادرا نے ضمنی رپورٹ میں خود سے مرتب کیے گئے حقائق تبدیل کر دیے ہیں جس کی اس سے پہلے کوئی نظیر تک نہیں ملتی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تاخیرسے فراہم کیا جانے والا انصاف فی الحقیقت انصاف سے محروم کرنے کے ہی مترادف ہے۔

تحریک انصاف گزشتہ دو برس سے این اے 122میں الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کی منتظر ہے جبکہ نادرا کے سربراہ نے ٹربیونل میں پیشی کی بجائے بیرون ملک روانگی کو ترجیح دی۔ دوسری جانب میانوالی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ مئی 2013کے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ کمیشن کا فیصلہ بھی جلد آنا چاہیے۔ خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات انقلابی اقدام ہے صوبائی حکومت مشکل حالات میں مقامی حکومتوں کے انتخابات منعقد کروارہی ہے جس سے اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میں مدد ملے گی

متعلقہ عنوان :