بابر اعوان کو وکالت نامے پر دائر اعتراض کاجواب داخل نہ کرنے پر 5ہزار جرمانے کی سزا ، عدالتی فیصلے سے ثابت ہو گیا مخالفین کے پاس ہمارے الزامات کا کوئی جواب نہیں، وکیل افتخار چوہدری

اتوار 31 مئی 2015 09:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31 مئی۔2015ء)اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے ڈاکٹر بابر اعوان کو وکالت نامے پر دائر اعتراض کی درخواست پر جواب داخل نہ کرنے پر پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ۔گزشتہ روز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد تنویر میر نے سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری کی جانب سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف بیس ارب ہرجانے کیس میں مدعی کی جانب سے وکالت نامے پر اعتراض کی درخواست کا جواب جمع نہ کرنے پر پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی ۔

فاضل عدالت نے تیرہ جون کو ڈاکٹر بابراعوان کو جواب داخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔ادھرسابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے سینئر وکیل و ترجمان شیخ احسن الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے ثابت ہو گیا ہے کہ مخالفین کے پاس ہمارے الزامات کا ثبوت کے ساتھ کوئی جواب نہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر بابر اعوان کئی مرتبہ توہین عدالت کے مرتکب ہو چکے ہیں لیکن ان کے رویئے میں ابھی تک کوئی تبدیلی نہیں آئی ۔ عزت و ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو جو عزت اللہ نے دی ہے اس کو کوئی بھی انسان اپنے الزامات سے گٹھا نہیں سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد سامنے آ جائے گا کہ الزامات لگانے والے کتنے پانی میں ہیں ۔