سعودی عرب : الدمام میں مسجد کے باہر خودکش بم دھماکا، چار ہلاک،سعودی اہلکاروں نے حملہ آور کی مسجد پر کار بم حملے کی کوشش ناکام بنا دی،الدمام کے مکینوں نے انٹرنیٹ پر اس مبینہ خودکش بمبار کی مسخ شدہ لاش اور تباہ شدہ گاڑیوں کی تصاویر پوسٹ کردی ہیں ،وزیر اعظم نواز شریف کی دھماکے کی شدید مذمت ،قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار

ہفتہ 30 مئی 2015 08:55

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30 مئی۔2015ء)سعودی عرب کے مشرقی شہر الدمام میں ایک مسجد کے باہر ایک حملہ آور بمبار نے بارود سے بھری کار کو دھماکے سے اڑا دیا ہے جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق خودکش حملہ آور نے نماز جمعہ کی ادائی کے وقت الدمام شہر میں واقع مسجد العنود پر کار بم حملے کی کوشش تھی لیکن سعودی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے یہ کوشش ناکام بنا دی ہے جس کی وجہ سے زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایک بیان میں بتایا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو مسجد کے نزدیک کھڑی ایک مشتبہ کار کے بارے میں شک گزرا تھا۔وہ جب اس کی جانب جانے لگے تو اس نے کار کو دھماکے سے اڑا دیا۔اس کے بعد نزدیک کھڑی متعدد کاروں کو آگ گئی۔

(جاری ہے)

مہلوکین میں سے ایک کے بارے میں شْبہ ہے کہ وہ دھماکے میں استعمال ہونے والی کار کا ڈرائیور تھا۔

الدمام کے مکینوں نے انٹرنیٹ پر اس مبینہ خودکش بمبار کی مسخ شدہ لاش اور تباہ شدہ گاڑیوں کی تصاویر پوسٹ کی ہیں۔بعض عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ خودکش حملہ آور نے جامع مسجد العنود میں نمازجمعہ کے دوران نمازیوں کو حملے میں نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی لیکن اس کو ایک شخص نے پکڑ لیا۔اس دوران اس نے بم دھماکا کردیا۔اس کے نتیجے میں مسجد کے باہر کھڑی متعدد کاروں کو آگ لگ گئی۔

گذشتہ جمعہ کو سعودی عرب کے مشرقی صوبے قطیف میں واقع قصبے القدیح میں نماز کی ادائی کے دوران اسی انداز میں اہل تشیع کی ایک مسجد میں خودکش بم حملہ کیا گیا تھا۔اس بم حملے میں اکیس افراد جاں بحق اور اسّی سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔ دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف نے سعودی عرب میں خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسو س کا اظہار کیا ہے،وزیر اعظم نے کہا کہ دکھ اس گھڑی میں پاکستانی عوام سعودی حکومت اور سعودی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہے۔