کراچی، لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کی شہر میں پائیدار امن و استحکام اورصنعتی ماحول کے حوالے سے کے سی سی آئی کی تجاویز اور خیالات کی تعریف ،سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں بزنس مین گروپ کے وفد کی کورکمانڈرسے ملاقات

جمعہ 29 مئی 2015 08:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2015ء)کورکمانڈر 5لفٹینینٹ جنرل نوید مختار نے شہرِ کراچی میں پائیدار امن،استحکام، انفراسٹرکچر،انتظامی امور، کاروبار اور صنعتی ماحول کے حوالے سے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی) کی تجاویز اور خیالات کو سراہاہے ۔کے سی سی آئی کے 11رکنی وفد نے چیئرمین بزنس مین گروپ و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں کورکمانڈر5 سے ملاقات کی ۔

وفد میں بی ایم جی کے وائس چیئرمینز طاہر خالق، زبیر موتی والا، ہارون فاروقی، انجم نثار، کے سی سی آئی کے صدرافتخار احمد وہرہ، نائب صدر آغاشہاب احمد خان،سابق نائب صدر اور خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز کے چیئرمین عبدالمجید میمن، سابق صدرکے سی سی آئی اے کیو خلیل،سابق نائب صدر محمد ادریس اور سابق سینیئر نائب صدر کے سی سی آئی و چیئرمین سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری جاوید بلوانی بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

2گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے اس اجلا س میں کراچی کے عوام اور تاجرو صنعتکار برادری کو درپیش مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے ناقص انتظامی امور، خستہ حال انفرااسٹرکچر،پانی و گیس اوربجلی کی قلت، ٹریفک جام،مختلف علاقوں میں بڑھتی ہوئی تجاوزات ، پولیس کی مختلف مسائل سے نمٹنے میں ناکامی،صنعتی یونٹس کی کارکردگی متاثر ہونے سمیت دیگر اہم مسائل پر گہرے خدشات کا اظہار کیا ۔

لفٹینینٹ جنرل نوید مختار نے کراچی میں سندھ رینجرز کی سرپرستی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کی مجموعی کارکردگی اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کے سی سی آئی کے وفد کو آپریشن کے طریقہ کار اور خفیہ ایجنسیوں کے رابطوں کے حوالے سے آگاہ بھی کیا جس کے ذریعے بھتہ خور عناصر، ٹارگٹ کلرز، اغواء کاروں ، کالعدم عسکریت پسندوں اور دیگر سیاسی وابستگی رکھنے والے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موٴثرکارروائی کی گئی۔

لفٹینینٹ جنرل نوید مختارنے کراچی میں مکمل طور پر قیام امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انھوں نے معیشت کی بحالی کے لیے کراچی چیمبرسے تجاویز طلب کرتے ہوئے کہاکہ غیر یقینی صورتحال کے باعث کراچی کا امیج بری طرح متاثر ہوا ہے۔انہوں نے مختلف مسائل کے حوالے سے کراچی چیمبر کی رائے کا خیرمقدم کیا اور کراچی کے مسائل اجاگر کرنے میں کے سی سی آئی کے موٴثر کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ تاجر و صنعتکار برادری کے حقیقی نمائندوں کو امن وامان اور کراچی کے دیگر مسائل سے متعلق وقتاً فوقتاً منعقد ہونے والے اجلاسوں میں شرکت کے لیے مستقل بنیادوں پر مدعو کرنا چاہیے۔

بزنس مین گروپ کے چیئرمین اور سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس سراج قاسم تیلی نے شہر کی مجموعی کاروباری و صنعتی صورتحال پر اپنا نقطہ نظر بیان کرتے ہوئے کاروباری و صنعتی ماحول کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ تمام تر مشکلات سے دوچار ہونے کے باوجود بھی اپنا کاروبار جاری رکھنے والے کراچی کے تاجر سکھ کا سانس لے سکیں۔سراج قاسم تیلی نے محکمہ پولیس کو ایسے افسران سے پاک کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جن کی بھرتیاں پچھلے10سالوں میں سیاسی بنیادوں پر کی گئیں۔

انہوں نے محکمہ پولیس کی ناقص کارکردگی اور مختلف مسائل سے نمٹنے میں بے بسی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی بنیادوں پر کی گئی بھرتیوں کی جانچ کی جائے تاکہ محکمہ پولیس کو مکمل طور پر غیر سیاسی اور صاف کیاجاسکے۔انہوں نے مختلف اداروں میں درجنوں ایسے سیاسی وابستگی رکھنے والے اور گھوسٹ ملازمین کو نکالنے کی ضرورت پر زور دیا جو عوام کو سہولیات فراہم کرنے والے مختلف اداروں کی ناقص کارکردگی کے ذمہ دار ہیں جن میں کے ایم سی ، واٹر بورڈ اور فائر ڈپارٹمنٹ و دیگر شامل ہیں۔

کے سی سی آئی کے وفد میں شامل تمام ممبران نے اجلا س میں انفرادی طور پر بھی تجاویز دیں اور کراچی کے مسائل پراپنے خیالات کا اظہار کیا۔وفد نے قومی خزانے میں 65فیصد ریونیو جمع کروانے والے شہر کراچی کی معیشت پرکورکمانڈر5کو عدم تحفظ کے نتیجے میں پڑنے والے منفی اثرات سے بھی آگاہ کیا

متعلقہ عنوان :