اے پی سی اے، این پی،جے یو آئی،تحریک انصاف،جمہوری وطن پارٹی ، نیشنل پارٹی کے تحفظات ختم،وزیراعظم نے فراخدلی دکھائی ہے،اسفندیارولی،یہ پاکستان کیلئے اہم منصوبہ ہے،مولانا فضل الرحمٰن،ہمارا مقصد نقطہ چینی نہیں حکومت کی اصلاح تھا،شاہ محمود،چاروں اکائیاں مستفید ہوں گی ،آفتاب شیرپاؤ

جمعہ 29 مئی 2015 08:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2015ء)اے این پی،جے یو آئی،تحریک انصاف،جمہوری وطن پارٹی اور نیشنل پارٹی نے کہا ہے کہ اے پی سی کے بعد ہمارے تحفظات دور ہوگئے ہیں،وزیراعظم نے فراخدلی کا مظاہرہ کیا،اب ہمیں آگے بڑھنا ہوگا،منصوبہ کو کسی صورت متنازعہ نہیں بننے دیا جائے گا۔اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم میاں نوازشریف کی اقتصادی راہداری منصوبے پر اتفاق رائے بڑی کامیابی ہے۔

وزیراعظم نے فراخدلی دکھائی ہے یہ جمہوریت کیلئے نیک شگون ہے،اب اس منصوبے کو آگے بڑھانا ہوگا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر اتفاق رائے ہوا ہے اوریہ کامیابی ہے،ہمارے تحفظات دور ہوگئے ہیں،یہ پاکستان کیلئے اہم منصوبہ ہے،اس سے پسماندہ علاقوں کو فائدہ ہوگا،تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق کرنا خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اے پی سی کے نتائج اچھے نکلیں گے،ہمارا مقصد نقطہ چینی کرنا نہیں تھا حکومت کی اصلاح کرنا تھا اب حکومت سمجھ گئی ہے اور اس نے اصلاح کرلی ہے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے سے معاشی ترقی کی راہیں کھلیں گی حکومت نے پہلے ہی منصوبے کو شفاف انداز سے ہینڈل کیا ہوتا تو ایسے مسائل سامنے نہ آتے،منصوبہ کسی صورت متنازعہ نہیں ہونا چاہئے،اب ہمیں آگے بڑھنا ہوگا ۔

جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کے ہمیشہ حق میں تھے ،روٹس کی تبدیلی کے حوالے سے خدشات وتحفظات تھے اب اے پی سی کے بعد یہ تحفظات دور ہوگئے،پاکسان کیلئے ہر منصوبہ اہم ہے اس سے چاروں اکائیاں مستفید ہوں گی جبکہ نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو نے کہا کہ اے پی سی میں ہونے والی اتفاق رائے خوش آئند ہے یہ بہت مثبت اقدام ہے،تحفظات دور ہوگئے،اب ہمیں آگے بڑھنا ہوگا،تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کو متنازعہ نہیں بننے دیں گے