ملک کے داخلی و خارجی دشمنوں کو ہر قیمت پرشکست دی جائے گی،چوہدری نثار،نیا دیکھے گی اس جنگ میں ہم کامیاب ہوں گے کیونکہ ہم حق کے راستے پر ہیں، اسلام کا چہرہ بگاڑ نے والے تشدد عناصر کو زورِ بازو سے روکنا ہے،ہم کسی ملک پر حملہ کر رہے ہیں نہ کسی کی زمین پر قابض نہیں ہو رہے ہیں ، اپنی مساجد،سکولوں ، گلی باز اروں کو پر امن کرنا چاہتے ہیں، گزشتہ آٹھ سے دس ماہ میں ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، بھارتی وزیر دفاع کا اعترافی بیان پوری دنیا کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، ایف سی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب

جمعہ 29 مئی 2015 08:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29 مئی۔2015ء )وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ملک کے داخلی اور خارجی دشمنوں کو اتحاد کے ساتھ ہر قیمت پرشکست دی جائے گی، ا یسے پر تشدد عناصر جو اسلام کا چہرہ بگاڑ رہے ہیں انہیں زورِ بازو سے روکنا ہے،ہم کسی ملک پر حملہ کر رہے ہیں نہ کسی کی زمین پر قابض نہیں ہو رہے ہیں ، ہم اپنی مساجد،سکولوں ، گلی باز اروں کو پر امن کرنا چاہتے ہیں اور ان عناصر کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہمارے پر امن ملک میں تشدد کا راج قائم کرنے کی کوشش کی ہے، ہماری تمام سیکیورٹی فورسز ، افواجِ پاکستان سے لے کر سول آرمڈ فورسز اور تمام صوبوں کی پولیس خراجِ تحسین کی مستحق ہے ، گزشتہ آٹھ سے دس ماہ میں ملک میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، بھارتی وزیر دفاع کا اعترافی بیان پوری دنیا کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے،۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز شبقدر میں ایف سی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر نئے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دیتا ہوں ، اور امید کرتا ہوں کہ آپ نے جو وردی زیبِ تن کی ہوئی ہے آپ اسکا مان رکھیں گے۔ اس موقع پر خاص طور پر 341شہداء و زخمیوں کا ذکر کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے اپنا خون دے کر ، اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ایف سی کی نہیں، وزارتِ داخلہ کی نہیں بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

انہوں نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مقابلہ ان لوگوں سے ہے جو اسلام کا نام تشدد کے حوالے سے استعمال کر رہے ہیں۔ حالانکہ اسلام میں تو غیر مسلموں کی عبادتگاہوں پر بھی حملے کی اجازت نہیں ہے ۔ یہ کیسے لوگ ہیں اور کیسے مسلمان ہیں جو مسجدوں پر حملے کرتے ہیں جو جنازہ گاہوں پر حملے کرتے ہیں جو اور لوگوں کی عبادتگاہوں پر حملے کرتے ہیں ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ کمانڈنٹ صاحب نے جو مسائل کا ذکر کیا ہے وہ پہلے بھی حکومت اور میری نظر میں ہیں اور انشااللہ ہم کوشش کریں گے کہ یہ مسائل جلد سے جلد حل ہوں ۔ مجھے احساس ہے کہ بہت مشکلات اور مسائل ہیں مگر ہم انہیں حل کریں گے۔ ہم آپ کی ٹریننگ کو اور وسعت دیں گے، ہم آپ کی ریکروٹمنٹ میں اور ٹرانسپیرنسی لائیں گے۔ آپ کے رہنے کے مسائل ہیں، آپ کی ٹریننگ کے مسائل ہیں۔

میں نے افواجِ پاکستان، بلکہ آرمی چیف سے بات کی ہے ، میں اس موقع پر ان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری کو وافر مقدار میں ہتھیار فراہم کیے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس موقع پر تمام سیکیورٹی فورسز ، افواجِ پاکستان سے لے کر سول آرمڈ فورسز اور پولیس، تمام صوبوں کی، ان کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں کیونکہ ہمیں احساس نہیں ہوتا کہ پچھلے آٹھ دس مہینوں میں ہماری افواجِ پاکستان، سول آرمڈ فورسز، پولیس، سیکیورٹی ایجینسیز اور انٹیلی جنس ایجینسیز کی دن رات کی کاوشوں سے پاکستان میں بہت بہتری آئی ہے۔

مگر ابھی تک دشمن ختم نہیں ہوا۔ ایک دھماکہ ہوتا ہے تو لوگ مایوس ہو جاتے ہیں۔ہم نے اپنا جذبہ ایمانی اور عزم زندہ رکھنا ہے۔ اب تو دنیا پہ واضح ہو گیا ہے کہ بہت سارے دھماکوں کے پیچھے کون سی طاقتیں ہیں۔ اب تو وہ خود مانتے ہیں جو ہمارے ازلی دشمن ہیں۔ان کے وزیرِ دفاع نے اس کا اعتراف کر لیا ہے۔تو یہ جو لوگ اسلام کا نام لے کر اس ملک میں تشدد پھیلا رہے ہیں افراتفری پھیلا رہے ہیں یہ کسی کی کٹھ پتلیاں ہیں۔

ایک غیر ملکی وزیرِ دفاع کا بیان ہر ایک کی آنکھ کھولنے کے لئے کافی ہونا چاہیے۔ اس کے پیچھے پیسہ کس کا لگ رہا ہے۔ اس کٹھ پتلی کے کھیل میں پیچھے دھاگے کون کھینچ رہا ہے ، یہ وہی ہے یہ وہی لوگ ہیں، یہ وہی ممالک ہیں جو پاکستان کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے مگر میں ، آخر میں ، ان کو بھی یہی کہتا ہوں ، پاکستان کی عوام کو بھی یہ کہتا ہوں اور دنیا کو کہتا ہوں کہ اس قوم کو کوئی شکست نہیں دے سکتاجس کا اللہ تعالیٰ پر ایمان ہو اور جس کا آپس میں اتحادو اتفاق ہو۔

آج الحمدللہ پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیز، پاکستان کی حکومت، پاکستان کی وفاقی حکومت، پاکستان کی صوبائی حکومتیں، پاکستان کی افواج، پاکستان کے عوام، وہ بالکل ایک پیج پہ ہیں اور انشااللہ تعالیٰ ہم مل کر ان دشمنوں کا صفایا کریں گے۔ وہ دشمن خواہ اندرون ہوں یا بیرون ہوں۔ دنیا دیکھے گی کہ اس جنگ میں ہم کامیاب ہوں گے اور جو قوم متحد ہو اور جس کا اللہ تعالیٰ پر یقین اور ایمان ہو اس کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

انشاء اللہ تعالیٰ ہم یہ جنگ جیتیں گے کیونکہ ہم حق کے راستے پر ہیں۔میں اس موقع پر اس کا بھی اظہار ضرور کروں گا کہ میری آج خوشی اور مسرت دوبالا ہو جاتی ہے کہ آج 28 مئی کے حوالے سے یومِ تکبیر بھی ہے یہ وہ دن ہے جس دن پاکستان کی دھاک پوری دنیا میں بیٹھ گئی ہمارے دشمن پر بھی بیٹھی اور دنیا پر بھی بیٹھی۔ آج اس دن کے حوالے سے، اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آج ہمارے دشمن اس ملک کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے اسی لیے یہ چھپ چھپا کر، اپنی پراکسیز کے ذریعے، اپنے مہروں کے ذریعے، ہمارے شہروں میں، ہمارے گاؤں میں ، ہمارے سکولوں میں، ہماری مسجدوں میں افراتفری پھیلاتے ہیں کیونکہ آمنے سامنے ہو کر یہ مقابلہ نہیں کر سکتے۔

، انشاء اللہ تعالیٰ ان بہادر جوانوں کی موجودگی میں ، انشاء اللہ تعالیٰ ان کے دانت کٹھے ہوں گے، پاکستان سر بلند ہو گا ، پاکستان کامیاب ہو گا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس جنگ میں سرخرو کرے۔