کراچی ، رینجرز اور دیگر اداروں کا آپریشن، دہشت گردی کی بڑی وارداتیں ناکام بنا دیں 7دہشت گرد ہلاک، ایک دھشت گرد زخمی حالت میں گرفتار، کروڑوں روپے تاوان کی غرض سے اغواء کیاگیا بچہ بازیاب،،آپریشن کے دوران دو خودکش دھماکے بھی کیے گئے ہیں،دہشت گرد ملیر کینٹ پر راکٹوں سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، دہشت گردوں نے بم سے گھر کو اڑا لیا،بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد۔ر بریگیڈئر خرم کی پریس کانفرنس

بدھ 27 مئی 2015 06:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27 مئی۔2015ء)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں تین مختلف مقامات پر رینجرز نے قومی سلامتی سے تعلق رکھنے والے ادارے کے ہمراہ کارروائیاں کرتے ہوئے ملیر کینٹ پر راکٹوں سے حملے اور شہر میں دہشت گردی کی بڑی وارداتوں کو ناکام بنا دیا ہے،کارروائیوں میں 7دہشت گرد مارے گئے اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ کروڑوں روپے تاوان کی غرض سے اغواء کئے جانے والے بچے کو بازیاب کرالیا گیا ہے،آپریشن کے دوران دو خودکش دھماکے بھی کیے گئے ہیں۔

سچل رینجرز کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈئر خرم نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پیر کو رات گئے سے منگل کی صبح تک رینجرز نے قومی سلامتی سے تعلق رکھنے والے ادارے کے ہمراہ تین مقامات پر آپریشن کئے۔انہوں نے بتایا کہ قومی سلامتی کی جانب سے سکیورٹی تھریٹ الرٹ جاری ہوا تھا، اطلاع تھی کہ بعض دہشت گرد ملیر کینٹ پر راکٹوں سے حملے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

۔ پہلی کارروائی اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں پریشان چوک کے قریب کی گئی ، جہاں دہشت گردوں کے مکان کو گھیرے میں لیتے ہی ملزمان نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کی اور دستی بم سے حملہ کیا، رینجرز کی جوابی کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے آئی ای ڈی بم سے گھر کو اڑا لیا۔ دھماکے کے نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

دوسری کارروائی مومن آباد الصدف کالونی میں کی گئی جہاں فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا۔دہشت گردوں کے ٹھکانے سے ایک مغوی بچے کو باحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔ موقع سے دو ایس ایم جی، 7رپیٹر، تین عدد 107راکٹ، ایک مشین گن، 6خودکش جیکٹس ، 60کلو سے زائد دھماکہ خیز مواد، تین تیار آئی ای ڈی،موبائل فونز، سم کارڈز اور بم کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد ہوا۔

بازیاب کرائے جانے والے بچے فہد مرزا کو بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سے 16مئی کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ اسکول وین میں اسکول جا رہا تھا۔بریگیڈئر خرم نے کامیاب کارروائیوں پر رینجرز اہلکاروں کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ ان کامیابیوں کے پیچھے عوام کا ہی ہاتھ ہے ،انہوں نے عوام سے درخواست کی ہے کہ ملک دشمن عناصر کی موجودگی کے حوالے سے رینجرز کو ہیلپ لائن نمبر 1101پر اطلاع دیں۔